367

طب کے میدان میں خواتین کی خدمات لائق تحسین، پاکستانی ڈاکٹرز کو دنیا بھر میں جانا جاتا ہے،پروفیسر الفرید ظفر

لاہور(رپورٹنگ آن لائن) پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر نے کہا کہ وائٹ کوٹ ڈاکٹرز کی شخصیت کے حسن کا عکاس اور دکھی انسانیت کی خدمت کی علامت ہے۔اعلیٰ تعلیم و تحقیق کے بغیر کوئی بھی معاشرہ ترقی نہیں کر سکتا پاکستانی نوجوان اپنی صلاحیتوں اور قابلیت کے اعتبار سے دنیا کے کسی بھی ملک سے کم نہیں اورضرورت اس امر کی ہے کہ ان کی صلاحیتوں اور توانائیوں کو درست سمت میں استعمال کرنے کیلئے ان کی رہنمائی اور انہیں اعلیٰ درجے کی تعلیم و تربیت سے آراستہ کیا جائے۔
پروفیسر الفرید ظفر
ان خیالات کا اظہارپروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر نے امیر الدین میڈیکل کالج کے 9ویں سیشن میں داخلہ لینے والے ایم بی بی ایس کے طلبا و طالبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔مہمان خصوصی سابق پرنسپل پی جی ایم آئی پروفیسر محمد طیب نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ نوجوان خوش قسمت ہیں جنہیں قدرت نے بلا رنگ و نسل اور مرد و عورت کی تفریق کیے بغیر مخلوق خدا کی خدمت کرنے کیلئے منتخب کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرز ایک خاص جذبے اور انسانیت کی خدمت کے دعوے کے لئے اس فیلڈ میں آتے ہیں یہی جذبہ اور عزم تعلیم حاصل کرنے کے بعد ہمیں عملی زندگی میں بر قرار رکھتے ہوئے مریضوں کی خدمت بھی کرنی چاہیے۔پروفیسر محمد معین،پروفیسر فاروق افضل،پروفیسر منیزہ سعید،پروفیسر جودت سلیم، پروفیسر یاصوب نقوی، ڈاکٹر سائرہ گلزار و دیگر فیکلٹی ممبران سمیت نوجوان ڈاکٹرز بھی اس تقریب میں شریک تھے۔

پروفیسر الفرید ظفر
پروفیسر الفرید ظفر نے کہا کہ طب کے شعبے میں خواتین پیش پیش ہیں اور کورونا وبا کے دوران مریضوں کا علاج معالجہ اور خدمت انجام دے کر انہوں نے اپنی صلاحیتوں کالوہا منوایا اور اس وبا میں فرنٹ لائن میڈیکل ورکرز کی فہرست میں خواتین ڈاکٹرز اور نرسز کا نام سنہری حروف سے لکھا جائے گا۔انہوں نے نوجوان طلبا پر زور دیا کہ طب کو دنیا بھر میں مقدس پیشہ کے طور پر جانا جاتا ہے لہذا اس شعبہ میں آنے والے طلبا و طالبات کو اپنی تمام تر توجہ تعلیم اور تحقیق پر مرکوز کرنا ہوگی تاکہ وہ ایک با صلاحیت اور منجھے ہوئے ڈاکٹرز بن سکیں۔پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج نے زور دیا کہ انہیں والدین کے خوابوں کی عملی تعبیر کے لئے نظم و ضبط کی پابندی اور ڈسپلن پر بھرپور توجہ دینا ہوگی اور اپنے اساتذہ کرام کا احترام کرنا ہوگا۔
پروفیسر الفرید ظفر

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں واحدادارہ پی جی ایم آئی ہے جہاں گریجویٹس ڈاکٹرز کواعلیٰ تعلیم دینے والے تجربہ کار پروفیسرز انڈر گریجویٹ ڈاکٹرز کی صلاحیتوں کو نکھارے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھتے۔انہوں نے کہا کہ پی جی ایم آئی و امیر الدین میڈیکل کالج یک جان دو قالب ہیں یہاں کے فارغ التحصیل ڈاکٹرز کو دنیا بھر میں قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سفید کوٹ زیب تن کرنے سے اخلاقی ذمہ داریوں، اعلیٰ تقاضوں اور اعتماد کا آغاز ہوتا ہے۔ ایم بی بی ایس کے طلبا و طالبات نے سفید کوٹ پہننے کی تقریب کے انعقاد پر مسرت کا اظہار کیا اور آنے والے دنوں میں اپنی طرف سے بھرپور محنت اور لگن کے ساتھ اس شعبے میں نام کمانے کا عہد کیا۔اس موقع پر طلباء سے حلف بھی لیا گیا۔

دریں اثناء سربراہ لاہور جنرل ہسپتال پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر نے تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عالمی یوم خواتین کی مناسبت سے کہا کہ میڈیکل کے شعبے میں ویمن کمیونٹی کا کردار کسی سے ڈھکاچھپا نہیں،اس شعبے میں نرسز اور لیڈی ڈاکٹرز ہمیشہ فرنٹ فٹ پر دکھی انسانیت کی خدمت کے لئے پیش پیش ہوتی ہیں اور خواتین کا آج کا دن انہی جواں عزم نرسز اور ڈاکٹرز کے نام ہے جنہوں نے ڈینگی اور کورونا سے لے کر کسی بھی مشکل میں فرض شناسی کی اعلیٰ روایات قائم کیں۔ بعدازاں کیک بھی کاٹا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں