لاہور،28اگست(زاہد انجم سے) صوبائی وزرائے صحت خواجہ سلمان رفیق اور خواجہ عمران نذیر نے جنرل ہسپتال میں پودا لگا کر شجر کاری مہم کا افتتاح کیا۔خواجہ سلمان رفیق اور خواجہ عمران نذیر نے جنرل ہسپتال میں اکیڈمک کونسل کے ممبران کے اجلاس کی صدارت بھی کی۔
اس موقع پر پرنسپل جنرل ہسپتال لاہور پروفیسر سردار الفرید ظفر، ایم ایس ڈاکٹر فریاد حسین، پروفیسر ندرت سہیل،پروفیسر اجمل فاروق، پروفیسر خضر حیات گوندل، ہیڈز آف ڈیپارٹمنٹس، فیکلٹی ممبران موجود تھے۔پرنسپل پروفیسر الفرید ظفر نے اکیڈمک کونسل کے اجلاس کے دوران وزراء صحت کو ادارہ کی کامیابیوں بارے پریزنٹیشن دی۔انہوں نے پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ اور امیر الدین میڈیکل کالج کی عمارت اور رہائشی ہاسٹلز کے قیام کا بھی مطالبہ کیا۔
صوبائی وزراء نے پرنسپل پروفیسر الفرید ظفر کو یقین دہانی کروائی کہ وہ اس اہم معاملے کے متعلق وزیر اعلیٰ پنجاب سے درخواست کریں گے۔ دونوں وزراء صحت نے لاہور جنرل ہسپتال میں مریضوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی پر پرنسپل پروفیسر الفرید ظفر سمیت فیکلٹی ممبران کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ پروفیسر الفرید ظفر جیسے محنتی اور قابل ڈاکٹرز حکومت کا اثاثہ ہیں۔
صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ جنرل ہسپتال لاہور میں سالانہ 23 لاکھ سے زائد مریضوں کو علاج و معالجہ کی بہتر سہولیات فراہم کی جاتی ہیں۔ جنرل ہسپتال لاہور میں روزانہ کی بنیاد پر 12 سے 13 ہزار مریضوں کو او پی ڈی اور ایمرجنسی میں علاج و معالجہ کی سہولیات فراہم کی جاتی ہیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے پوسٹ گریجویٹ میڈیکل کالج کیلئے نئے کیمپس کی درخواست پیش کریں گی۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ تاریخ گواہ ہے کہ مشکل ترین حالات میں بھی سرکاری ہسپتالوں نے کبھی بھی مریضوں کے علاج و معالجہ سے انکار نہیں کیا۔ میڈیکل کمیونٹی کو ہمیشہ عوام کی خدمت کرتے ہوئے ہی دیکھا ہے۔
صوبائی وزیرصحت خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ سرکاری ہسپتالوں میں جاری ری ویمپنگ منصوبے کو جلد از جلد مکمل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں عوام تک صحت کی بہتر سہولیات کی فراہمی کیلئے کوشاں رہیں گے۔ محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن کی جانب سے تین ہزار نرسوں اور ایک ہزار ایم اوز، ڈبلیو ایم اوز کی بھرتی کی ریکوزیشن بھجوائی گئی ہے۔
صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے ہدایت کی کہ ہسپتالوں میں موجود وینٹیلیٹرز کی ریشنلائزیشن کے لئے ٹیکنیکل کمیٹی تشکیل دی جائے۔ سرکاری ہسپتالوں میں جہاں وینٹیلیٹرز ضرورت سے زائد ہیں وہاں سے شفٹ کرکے مریضوں کی سہولت کیلئے دوسرے ہسپتالوں میں شفٹ کئے جائیں۔ خواجہ عمران نذیر نے کہاکہ وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت پر ہسپتالوں میں ری ویمپنگ کا عمل مزید تیز کردیا گیا ہے۔
ضلعی ہسپتالوں میں مریضوں کی سہولیات کے لئے ٹیچنگ یونٹس قائم کئے جارہے ہیں۔ ڈاکٹرز، سٹاف مسیحائی خدمت سے ہزاروں جانوں کو بچا رہے ہیں۔ ڈاکٹرز، پیرامیڈیکس کے جائز مطالبات کے لئے اب سڑکوں پہ آنا نہیں پڑے گا۔ ایک سال کا روڈ میپ طے کرلیا گیا ہے، تمام معاملات خوش اسلوبی سے طے کریں گے۔ خواجہ عمران نذیرنے کاکہ معاشرے کو سدھارنے کے لئے اپنی غلطیوں کا احتساب کرنا ہوگا۔