لاہور (رپورٹنگ آن لائن) لاہور ہائیکورٹ نے سوشل میڈیا ایکٹیویسٹ صنم جاوید کی درخواست ضمانت پر ایف آئی اے کو نوٹس جاری کرکے مقدمے کا ریکارڈ طلب کر لیا ۔
جسٹس فاروق حیدر نے سوشل میڈیا ایکٹیویسٹ صنم جاوید کی درخواست ضمانت پر سماعت کی،عدالتی سماعت کے دوران وفاقی حکومت کی جانب سے اسسٹنٹ اٹارنی جنرل سردار امیر حمزہ پیش ہوئے جبکہ صنم جاوید کے والد جاوید اقبال خان بھی عدالت میں موجود تھے ، درخواست میں ڈی جی ایف آئی اے سمیت دیگر کو فریق بناتے ہوئے موقف اختیار کیا گیا کہ صنم جاوید کیخلاف ایف آئی اے نے مقدمہ درج کیا ہے اور وہ اس وقت جیل میں ہیں۔
اس سے پہلے ایڈیشنل جج کے ریاستی ادارے اور عہدے داروں کیخلاف نامناسب زبان استعمال کرنے پر درخواست ضمانت مسترد کی۔ صنم جاوید نے ایڈیشنل سیشن جج کے فیصلے کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کیا اور درخواست میں استدعا کی کہ ضمانت منظور کرکے رہا کرنے کا حکم دیا جائے۔