شہباز شریف 6

صدر او روزیر اعظم شہبازشریف کا بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن) صدر مملکت آصف علی زر داری او روزیر اعظم شہبازشریف نے بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں بھرپور انداز میں جاری رہیں گی، پاکستان کے امن و استحکام کو نقصان پہنچانے والے عناصر کو ان کے مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔

اپنے بیان میں صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مثر حکمتِ عملی کے ذریعے دہشت گردوں کے مذموم عزائم ناکام بنائے۔انہوںنے کہاکہ پوری قوم کو سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں کی جرات و بہادری پر فخر ہے۔صدر مملکت نے کہاکہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں بھرپور انداز میں جاری رہیں گی۔ صدر زر داری نے کہاکہ پاکستان نے عالمی امن کے قیام اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنے ہزاروں بہادر سپوتوں اور بیٹیوں کی قربانیاں دی ہیں۔

صدر مملکت نے کہاکہ پاکستانی قوم اور اس کی بہادر مسلح افواج میں پاکستان، خطے اور دنیا میں امن و استحکام کے دشمنوں کی کوششوں کو ناکام بنانے کا عزم اور صلاحیت موجود ہے۔ صدرزر داری نے کہاکہ دوست ممالک اور اتحادیوں کے تعاون سے امن و استحکام کے دشمنوں کی ہر کوشش کو ناکام بنایا جائے گا۔ اپنے بیان میںوزیراعظم محمد شہباز شریف نے خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشنز پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ سکیورٹی فورسز نے اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور جرات و بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے دہشت گردوں کے مذموم عزائم ناکام بنائے ہیں۔

انہوںنے کہاکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم اپنی بہادر سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے،ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔انہوںنے کہاکہ پاکستان کے امن و استحکام کو نقصان پہنچانے والے عناصر کو ان کے مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔وزیراعظم نے کامیاب آپریشنز میں حصہ لینے والے سکیورٹی فورسز کے افسران و جوانوں کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم کو اپنے بہادر سپوتوں پر فخر ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں