اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواست دائر کردی، جس میں مقف پیش کیا ہے کہ انہیں سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا گیا ہے،سابق صدر آصف زرداری کے خلاف عمران خان کے قتل کی سازش کے الزام میں گرفتار عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے اسلام آباد کی ماتحت عدالت میں ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواست دائر کردی ہے،
سیشن جج طاہر محمود نے درخواست ضمانت ایڈیشنل سیشن جج طاہر عباس سپرا کو بھجوا دی ہے، جس پر بروز جمعرات کل سماعت ہوگی،شیخ رشید کی درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ پولیس کی معاونت سے پروسیکیوشن نے شیخ رشید پر جھوٹے الزامات لگائے اور ہائیکورٹ کی جانب سے نوٹس معطل ہونے کے باوجود مقدمہ درج کیا گیا،درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ شیخ رشید کے خلاف ایف آئی آر میں درج دفعات بھی عام شہری کی درخواست پر نہیں لگ سکتیں، شیخ رشید کو صرف سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا گیا اور ان کے خلاف پولیس نے اختیارات کا غلط استعمال کیا،درخواست میں کہاگیا ہے کہ شیخ رشید اڈیالہ جیل میں ہیں اور مزید تفتیش کی ضرورت نہیں ۔ اس لئے عدالت درخواستِ ضمانت منظور کرے۔