شرجیل میمن

شرجیل میمن کے خلاف غیرقانونی اثاثہ جات ریفرنس کی سماعت 22اکتوبر تک ملتوی

کراچی (رپورٹنگ آن لائن)کراچی کی احتساب عدالت کے روبرو صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل میمن اور دیگر کیخلاف غیر قانونی اثاثہ جات کے ریفرنس کی سماعت ہوئی۔

سماعت کے دوران ملزمان کے وکلا کی جانب سے دلائل دیئے گئے۔ عامر نقوی نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ یہ مقدمہ نیب کا نہیں بنتا، چیئرمین نیب کو واپس بھیجا جائے۔ اگر نیب کے الزامات کو سامنے رکھ کر تخمینہ لگایا جائے تو اثاثے 5 کروڑ سے بھی کم ہیں۔ راج علی واحد ایڈوکیٹ نے دلائل میں کہا کہ ملزمان پر لگائے جانے والے الزامات مفروضوں پر مبنی ہیں۔ عدالت نے ریفرنس کی سماعت 22 اکتوبر تک ملتوی کردی۔

عدالت نے وکلا صفائی کو آئندہ سماعت پر بھی دلائل کا سلسلہ جاری رکھنے کی ہدایت کردی۔ ریفرنس میں ملوث شوکت تھیبو، آغا حسن سمیت 9 ملزمان نے بریت کی درخواست دائر کر رکھی ہے۔