لاہور(رپورٹنگ آن لائن) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ شرجیل میمن ٹھنڈا پانی پئیںاور سر پر بھی ڈالیں ، کشمیری عوام نے اپنا فیصلہ سنا دیا ہے ،
پیپلز پارٹی کے پری پول دھاندلی کے منصوبے ناکام ہوئے، ہار پر پی ٹی آئی جیسا رویہ نہ اپنایا جائے۔انہوں نے شرجیل میمن کے بیان پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پیارے بھائی: ٹھنڈا پانی پئیں اور سر پر بھی ٹھنڈا پانی ڈالیں،صبح ہوگئی ہے، الیکشن ہو گیا ہے کشمیر کی عوام نے اپنا فیصلہ سنا دیا ہے، آپ کی غلط فہمی دور ہو گئی ہیں،آپکی جمع تفریق غلط ثابت ہوگئی، حقیقت میں آپ کے پری پول دھاندلی کے پروگرام ناکام ہوگئے ہیں۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ لیگی امیدوار نے الیکشن سے ایک رات قبل بیلٹ پیپرز کے تھیلے پیپلز پارٹی کے امیدوار کے گھر سے پکڑے، آپ کا تیر کشمیر کی وادیوں میں گم گیا، کشمیر میں ہر طرف شیر دھاڑ رہا ہے، آزاد کشمیر الیکشن کے پہلے مرحلے میں کشمیریوں نے میاں نواز شریف کے حق میں فیصلہ دے دیا، جیت پر جشن منانے آتے ہیں تو ہار پر برداشت کرنا بھی سیکھیں۔
انہوں نے کہا کہ ہر الیکشن میں ہارنے پر پی ٹی آئی والا وطیرہ مت اپنائیں، گلگت میں آپ کی حکومت بن گئی تو اس کا مطلب وہاں بہت شفاف الیکشن ہوئے ہیں؟ ۔ آزاد کشمیر میں آپ ہار گئے ہیں تو وہاں دھاندلی ہوئی ہے؟ ۔ ایسے ڈبل سٹینڈرڈ جمہوری سوچ رکھنے والی جماعت کو زیب نہیں دیتے۔









