سینیٹ انتخابات 260

سینیٹ انتخابات،یوسف گیلانی کے کاغذات نامزدگی پر پی ٹی آئی کے اعتراض مسترد

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن) الیکشن کمیشن نے یوسف رضا گیلانی کے کاغذات نامزدگی پر تحریک انصاف کے اعتراضات مسترد کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم کو سینیٹ انتخاب کیلئے اہل قرار دے دیا۔ ریٹرنگ آفیسر نے سابق وزیراعظم کے کاغذات نامزدگی منظور کرلئے۔ریٹرننگ آفیسر نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد یوسف رضا گیلانی کے کاغذات نامزدگی پر تحریک انصاف کےاعتراضات مسترد کرتے ہوئے انہیں سینیٹ الیکشن لڑنے کے لئے اہل قرار دے دیا ہے۔

فیصلے میں کہا گیا ہے کہ یوسف رضا گیلانی کی 5 سالہ نااہلی ختم ہوچکی جب کہ ان کے مقدمات عدالتوں میں زیر التوا ہیں، زیرالتوا مقدمات پر کسی کو الیکشن لڑنے سے نہیں روکا جا سکتا۔پی ٹی آئی کے فرید رحمان کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا تھا کہ یوسف رضا گیلانی آرٹیکل 62 اور 63 پر پورا نہیں اترتے، وزیر اعظم کے حلف کی خلاف ورزی کرنے پر نااہلی تاحیات ہے، ان کے خلاف نیب میں ریفرنس زیر التوا ہیں ، اس لئے انہیں سینیٹ انتخابات لڑنے کی اجازت نہیں ہونی چاہیے۔

واضح رہے الیکشن کمیشن کی جانب سے اسلام آباد میں سینیٹ انتخابات کے لئے مقرر ریٹرننگ آفیسر نے سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کے کاغذات نامزدگی پرتحریک انصاف کے اعتراضات پر گزشتہ روز سماعت مکمل کرکے فیصلہ محفوظ کیا تھا۔ یوسف رضا گیلانی اسلام آباد سے سینیٹ کی عمومی (جنرل)نسشت کے لیے پی ڈی ایم کے متفقہ امیدوار ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں