سردار ایاز صادق

سیلاب زدگان کی مدد کےلئے مخیر حضرات، فلاحی ادارے اور سول سوسائٹی آگے بڑھیں،سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے قوم سے اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیلاب زدگان کی مدد کےلئے انفرادی و اجتماعی کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے،مخیر حضرات، فلاحی ادارے اور سول سوسائٹی متاثرین کی مدد کےلئے آگے بڑھیں۔

پیر کو اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ مخیر حضرات اور سول سوسائٹی حکومت کی امدادی کوششوں میں تعاون کریں،من حیث القوم سیلاب متاثرین کی بحالی ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ کے پی، گلگت بلتستان، آزاد جموں و کشمیر اور ملک کے دیگر علاقوں کے متاثرین کو فوری ریلیف کی ضرورت ہے،مخیر حضرات متاثرین کی بحالی اور گھروں کی تعمیر نو کےلئے دل کھول کر مدد کریں۔

سپیکر سردار ایاز صادق نے نوجوانوں سے سیلاب متاثرین کی مدد میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی اپیل کی اور کہا کہ نوجوان رضاکار بن کر متاثرین کی بحالی، خوراک اور امدادی سرگرمیوں میں حصہ لیں۔انہوں نے کہا کہ سیلاب متاثرین کی بحالی کےلئے قومی جذبے، ایثار اور بھائی چارے کا مظاہرہ کرنے کی ضرورت ہے،یہ وقت یکجہتی اور ہمدردی کا ہے، متاثرین کو احساس دلائیں کہ وہ اکیلے نہیں ۔ان کا کہنا تھا کہ مشکل گھڑی میں ایک دوسرے کا سہارا بننا ہمارا قومی فریضہ ہے۔