اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے نیشنل پریس کلب کے انتخابات میں جرنلسٹ پینل کے نومنتخب صدر پریس کلب اظہر جتوئی، نیئر علی کو سیکرٹری اور وقار عباسی کو فنانس سیکرٹری بننے پر مبارکباد پیش کی اور نو منتخب قیادت کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔
چیئرمین سینیٹ نے مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ نیشنل پریس کلب کے الیکشن میں نومنتخب عہدیداران کی کامیابی ان پر صحافی برادری کے بھرپور اعتماد کا مظہر ہے۔ سید یوسف رضا گیلانی نے اس امید کا اظہار کیا کہ نیشنل پریس کلب اسلام آباد کی نومنتخب قیادت میڈیا کی ترقی اور صحافتی برادری کے اعتماد پر پورا اترنے اور انکے مسائل کو حل کرنے کے لیے اپنی تمام ترصلاحیتوں کو بروئے کار لائیں گئے۔
انہوں نے کہا کہ عوامی مسائل کو اقتدار کے ایوانوں تک پہنچانے اور ایوان میں عوام کی فلاح و بہبود کیلئے ہونے والی قانون سازی کو عوام تک پہنچانے میں صحافتی برادری کا کردار کلیدی اہمیت کا حامل ہے۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ وہ پریس کلب اسلام آباد کی نومنتخب قیادت کی کامیابیوں اور کامرانیوں کیلئے دعا گو ہیں۔