سید مراد علی شاہ

سید مراد علی شاہ پر نوری آباد پاور پلانٹ ریفرنس میں فرد جرم کی کارروائی موخر ، چھ ستمبر کی نئی تاریخ مقرر

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)احتساب عدالت اسلام آباد نے وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ پر نوری آباد پاور پلانٹ ریفرنس میں فرد جرم کی کارروائی موخر کرتے ہوئے چھ ستمبر کی نئی تاریخ مقرر کر دی ۔

احتساب عدالت اسلام آباد کے جج سید اصغر علی نے وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور دیگر ملزمان کیخلاف نوری آباد پاور پلانٹ میں مبینہ خرد برد سے متعلق ریفرنس کی سماعت کی۔ وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، نیب پراسیکیوٹر وسیم جاوید عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔ سماعت کے آغاز پر ریفرنس میں شریک ملزمان کی حاضری لگائی گئی۔

وکیل صفائی نے موقف اپنایا کہ ریفرنس میں شریک 2 ملزمان کرونا کے باعث پیش نہیں ہو سکے، استثنیٰ کی درخواست دائر کی ۔

نیاز علی شیخ خود کورونا سے متاثر ہیں جبکہ ملزم خالد کے زوجہ اور بیٹا کرونا سے متاثر ہے۔ عدالت نے دونوں ملزمان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواستیں منظور کرلیں۔ عدالت نے ملزمان پر فرد جرم کیلئے 6 سمتبر کی تاریخ مقرر کر دی۔ جج سید اصغر علی نے ریمارکس دیئے کہ آئندہ سماعت پر حاضری یقینی بنائیں نہیں تو وارنٹ جاری کرنے پڑیں گے۔