لاہور ہائی کورٹ

سیاسی جلسوں پر پابندی اور دیگر حفاظتی اقدامات کیلئے ہائیکورٹ میں درخواست دائر

لاہور(رپورٹنگ آن لائن)سیاسی جلسوں پر پابندی اور دیگر حفاظتی اقدامات کیلئے لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی۔ مفاد عامہ کی درخواست میں کورونا کی دوسری لہر پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا۔

درخواست گزار نے موقف اپنایا کہ کورونا کے شدید پھیلاو کی وجہ سے ہسپتالوں میں بستر کم پڑنے لگے ہیں، عالمی وائرس سے بچاو کیلئے جلسے، جلوسوں اور دیگر اجتماعات پر پابندی لگانا وقت کی ضرورت ہے۔ عدالت سے استدعا کی گئی کہ ہسپتالوں میں فارمیسیز کو چوبیس گھنٹے کھلا رکھا جائے، سینئر پروفیسر کی رات کے اوقات میں کورونا وارڈ میں موجودگی یقینی بنائی جائے۔

درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی کہ لواحقین کو مریض کی حالت کے بارے میں آگاہ کیا جائے اور ویڈیو کالز کی سہولت بھی یقینی بنائی جائے، اگر ان اقدامات کو یقینی نہ بنایا گیا تو تشویشناک حد تک ہلاکتوں کا خطرہ ہے، جلسے جلوسوں اور دیگر اجتماعات پر پابندی لگانا وقت کی ضرورت ہے۔