شازیہ مری

سیاست سے تعلیم تک، خواتین تبدیلی لا رہیں اور مستقبل کی تشکیل کر رہی ہیں،شازیہ مری

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)رہنما پاکستان پیپلز پارٹی شازیہ مری نے کہا ہے کہ سیاست سے تعلیم تک، خواتین تبدیلی لا رہی ہیں اور مستقبل کی تشکیل کر رہی ہیں، ایک عورت تعلیم حاصل کرتی ہے تو پورا گھر اور معاشرہ تعلیم یافتہ ہوتا ہے۔

شازیہ مری نے عالمی یومِ خواتین کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ خواتین کی معاشرے میں صلاحیتوں کو تسلیم کرنے کیلئے عالمی یومِ خواتین منایا جاتا ہے، اس سال خواتین کا عالمی دن ہر خاتون کے حقوق اور مواقع تک مساوی رسائی یقینی بنانا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی خواتین نے ہر شعبہ زندگی میں ثابت قدمی، بہادری اور قیادت کا مظاہرہ کیا ہے.

خواتین کو بااختیار بنانا ہماری قومی ترقی کے لیے ناگزیر ہے، خواتین کو مساوی حقوق، مواقع دینے سے معاشرے زیادہ خوشحال، پرامن اور پائیدار ہوتے ہیں۔شازیہ مری نے کہا کہ خواتین کے تحفظ، تعلیم اور معاشی آزادی کیلئے پالیسیاں بہتر بنانے کیلئے سب کو مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے، معاشی ترقی کیلئے پاکستان کی لیبر فورس میں خواتین کی شراکت کو بڑھانے کی ضرورت ہے۔

انہوںنے کہاکہ اکثر خواتین کو کام کرنے کیلئے سازگار ماحول میسر نہیں ہوتا، صنفی بنیادوں پر تشدد، امتیازی سلوک اور معاشی عدم مساوات کا خاتمہ ضروری ہے، کوئی قوم کامیاب نہیں ہو سکتی جب تک اس کی نصف آبادی پیچھے رہ جائے۔

شازیہ مری نے کہاکہ ہم مضبوط قوانین، مساوی تنخواہ، لڑکیوں کی تعلیم، اور صنفی تشدد کے خاتمے کا مطالبہ کرتے ہیں۔انہوںنے کہاکہ حقیقی برابری کیلئے پورے معاشرے کو کردار ادا کرنا ہے، مردوں کو خواتین کے شانہ بشانہ کھڑا ہونا ہوگا، ہمیں یہ عہد کرنا ہے کہ پاکستان کی ہر عورت آزاد، بااختیار اور مساوی ہوگی۔