سردار ایاز صادق 75

سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی سال نو کے آغاز پر قوم کو مبارکباد

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)اسپیکر قومی اسمبلی، سردار ایاز صادق نے سال نو 2026 کے آغاز پر پوری قوم کو دلی مبارکباد پیش کی اور نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ آنے والا سال پاکستان کے لیے استحکام، ترقی اور خوشحالی کے نئے مواقع لے کر آئے گا اور دعا کی کہ یہ سال ملک میں امن، اقتصادی بہتری اور عوام کی فلاح و بہبود کا سبب بنے۔

جاری اعلامیہ کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ نئے سال کا آغاز ہمیں ماضی کے تجربات سے سیکھ کر مستقبل کے لیے واضح اور بامقصد راستہ متعین کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ پارلیمان آئینی ذمہ داریوں کو پوری سنجیدگی اور لگن کے ساتھ نبھاتے ہوئے جمہوری اقدار، عوام دوست قانون سازی اور عوامی فلاح کے فروغ کو یقینی بنانے میں اپنا کردار جاری رکھے گی۔اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ سال 2025 کے دوران پاکستان نے علاقائی کشیدگی اور جنگ جیسے حالات کا سامنا کیا، تاہم پاک بھارت تنازع کے بعد پاکستان کا اصولی، ذمہ دارانہ اور مدبرانہ موقف عالمی سطح پر تسلیم کیا گیا۔

اسپیکر سردار ایاز صادق نے مزید کہا کہ اس دوران پاکستان نے سفارتی محاذ پر نمایاں کامیابیاں حاصل کیں، جس سے نہ صرف ملک کے وقار میں اضافہ ہوا بلکہ بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی حیثیت بھی مزید مستحکم ہوئی۔اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ اس موقع پر فلسطین اور مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کو فراموش نہیں کیا جا سکتا، جو انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور مسلسل مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غزہ کے عوام اسرائیلی جارحیت کے ساتھ ساتھ شدید موسمی اثرات، خصوصاً موسلا دھار بارشوں اور انسانی بحران کا بھی سامنا کر رہے ہیں، جس سے ان کی مشکلات میں اضافہ ہوا ہے۔ اسپیکر سردار ایاز صادق نے امید ظاہر کی کہ آنے والا سال فلسطین اور کشمیر کے عوام کے لیے آزادی، امن اور انصاف کا پیغام لے کر آئے گا۔

اسپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ قومی استحکام اور پائیدار ترقی کے لیے باہمی برداشت، سماجی ہم آہنگی اور تعاون ناگزیر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان جیسے کثیرالمذہبی اور متنوع معاشرے میں بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے، تاکہ باہمی احترام، اتحاد اور دیرپا امن کو مزید مستحکم کیا جا سکے۔اسپیکر قومی اسمبلی نے عوام پر زور دیا کہ وہ اتحاد، محنت اور ذمہ داری کے جذبے کے ساتھ ایک مضبوط، پرامن اور خوشحال پاکستان کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کریں اور نئے سال کو اجتماعی ترقی اور بہتری کا ذریعہ بنائیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں