بیرسٹر گوہر

سپریم کورٹ کی وضاحت کے بعد الیکشن کمیشن فوری پی ٹی آئی کی مخصوص نشستیں دے، بیرسٹر گوہر

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن) چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کی وضاحت کے بعد الیکشن کمیشن فوری پی ٹی آئی کی مخصوص نشستیں دے،آئینی ترمیم بارے ہماری بات چیت جاری ہے، ہم جلد کسی نتیجے پر پہنچ جائیں گے۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی نے مخصوص نشستوں بارے کیس میں سپریم کورٹ کی وضاحت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے سے ہمیں خوشی ہوئی،آئین کی بالادستی کیلئے سپریم کورٹ کا کردار اہم ہے۔

انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ ججز کی وضاحت سے امید ہے آئین کی بالادستی ہو گی،عدالتی وضاحت کے بعد اب پی ٹی آئی کو مخصوص نشستیں ملنی چاہئیں۔انہوں نے کہا کہ آئینی ترمیم بارے ہماری بات چیت جاری ہے، ہم جلد کسی نتیجے پر پہنچ جائیں گے، کل اس نتیجے پر پہنچ چکے تھے کہ اتفاق رائے ہوجائے گا، آج بھی ہماری جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کے ساتھ آئینی ترمیم میں شامل شقوں پر طویل گفتگو ہوئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ حکومت کی طرف سے ہمارے ساتھ آئینی ترمیم کا چوتھا مسودہ شیئر کیا گیا ہے، حکومت نے اب تک ہمیں چار مسودے فراہم کئے ہیں اور وہ چاروں ایک جیسے ہیں۔