سپریم کورٹ

سپریم کورٹ رولز کی بذریعہ سرکولیشن منظوری پر چیف جسٹس کو 4 ججز کا خط، فل کورٹ اجلاس میں شرکت سے انکار

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)سپریم کورٹ کے چار ججز نے چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کو خط لکھ کر سپریم کورٹ رولز کی بذریعہ سرکولیشن منظوری پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے فل کورٹ اجلاس میں شرکت سے انکار کردیا۔

میڈیارپورٹ کے مطابق چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کو خط لکھنے والے ججز میں جسٹس منصور علی شاہ، جسٹس منیب اختر، جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس عائشہ ملک شامل ہیں، چاروں ججز نے سپریم کورٹ رولز کی بذریعہ سرکولیشن منظوری پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے فل کورٹ اجلاس میں شرکت سے انکار کردیا۔چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کو لکھے گئے خط میں کہا گیا کہ 3 ستمبر 2025 کو فل کورٹ اجلاس کے حوالے سے آگاہ کیا گیا.

فل کورٹ اجلاس سپریم کورٹ رولز 2025 میں ترامیم پر غور کے لیے تھا تاہم اس فل کورٹ اجلاس پر ہمارے تحفظات وہی ہیں جو بارہا دہرائے جا چکے ہیں۔خط میں کہا گیا کہ سپریم کورٹ رولز 2025 کو فل کورٹ اجلاس میں پیش نہیں کیا گیا، نہ منظوری لی گئی، آئین کا آرٹیکل 191 سپریم کورٹ کو اپنے رولز مرتب کرنے کا اختیار دیتا ہے، سپریم کورٹ بطور ادارہ مجموعی طور پر یہ اختیار استعمال کرتی ہے،خط میں موقف اپنایا گیا ہے کہ فل کورٹ کی جانب سے غور و فکر و منظوری کے بغیر یہ رولز قانونی حیثیت حاصل نہیں کر سکتے۔