سپریم کورٹ

سپریم کورٹ، فراڈ کیس کے ملزمان کی ضمانت منسوخی کی نیب کی درخواست مسترد

اسلام آ باد (رپورٹنگ آن لائن) سپریم کورٹ نے فراڈ کیس کے ملزمان کی ضمانت منسوخی کی نیب کی درخواست مسترد کر دی۔ تفصیلات کے مطابق کراچی ڈولپمنٹ اتھارٹی میں پلاٹ ٹرانسفر فراڈ سے متعلق کیس میں سپریم کورٹ نے حکم دیا کہ ٹرائل کورٹ جلد کیس کا فیصلہ کرے۔ وکیل نیب کی جانب سے درخواست میں مقف پیش کیا گیا کہ ڈی جی کے ڈی اے نے پلاٹس کی ٹرانسفر اور الاٹمنٹ میں فراڈ کیا۔

جسٹس منصور علی شاہ نے ریمارکس دیے کہ کیا جن پلاٹس کی ٹرانسفر اور الاٹمنٹ کی گئی ان کے اصل مالکان نے شکایت کی؟چیف جسٹس عمرعطا بندیال نے کہا کہ نیب نے اصل مالکان کے بیانات ریکارڈ نہیں کیے تو فراڈ کا کیس کیسے بنتا ہے؟جسٹس عائشہ ملک نے کہا کہ نیب کے پاس ٹھوس شواہد ہی موجود نہیں کہ پلاٹ ٹرانسفر میں فراڈ کیسے ہوا۔ جب اصل مالکان فراڈ کی شکایت ہی نہیں کر رہے تو یہ نیب کا کیس نہیں بنتا۔چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے تین رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی۔

نیب نے کے ڈی اے کراچی کے گلشن جوہر کے علاقے میں پلاٹ الاٹمنٹ اور ترانسفر میں خرد برد پر ریفرنس دائر کیا تھا۔ سندھ ہائیکورٹ نے سابق ڈی جی کے ڈی اے سمیت دیگر کی ضمانتیں منظور کی تھیں جبکہ نیب نے سندھ ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کر رکھا ہے۔