بیجنگ (رپورٹنگ آن لائن)چین کی وزارتِ خارجہ کے ترجمان نے اعلان کیا ہے کہ سوئٹزرلینڈ کے صدر گائی پارملین 30 اکتوبر سے یکم نومبر تک چین کا ورکنگ دورہ کریں گے۔ بدھ کے روز یومیہ پریس کانفرنس کے دوران چینی وزارتِ خارجہ کے ترجمان گو جیاکھون نے کہا کہ چین سوئٹزرلینڈ کےصدر کے دورۂ چین کا خیرمقدم کرتا ہے اور اس دورے کے دوران چینی صدر شی جن پھنگ ان سے ملاقات کریں گے۔ ترجمان نے واضح کیا کہ رواں سال چین اور سوئٹزرلینڈ کے درمیان جدیدیت پسندی پر مبنی اسٹریٹجک شراکت داری کے قیام کو دس سال مکمل ہو رہے ہیں۔ اس وقت دونوں ممالک کے تعلقات مستحکم انداز میں آگے بڑھ رہے ہیں اور مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں،
بالخصوص آزاد تجارتی تعاون دونوں ممالک کے تعلقات کی ایک نمایاں خصوصیت بن چکا ہے۔ گو جیاکھون نے کہا کہ سوئٹزرلینڈ چین کے ساتھ آزاد تجارتی معاہدہ کرنے والا پہلا یورپی ملک ہے۔ گزشتہ دس برسوں کے دوران اس معاہدے نے دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور معیشت کو فروغ دینے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین سوئٹزرلینڈ کے ساتھ مل کر پائیدار دوطرفہ تعلقات کو مزید آگے بڑھانے، عوام کے لیے زیادہ خوشحالی، کاروباری حلقوں کے لیے مزید سازگار ماحول اور عالمی معیشت کے لیے مزید استحکام فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔









