کراچی(رپورٹنگ آن لائن) سندھ ہائی کورٹ نے کراچی میں تجاوزات کے خلاف سپریم کورٹ کی جانب سے جاری حکم نامے کے بعد غیر قانونی تعمیرات گرانے پر حکم امتناع دینے سے انکار کردیا ہے۔
جمعرات کو سندھ ہائی کورٹ کی جانب سے یہ فیصلہ اس وقت سامنے آیا جب غیر قانون تعمیرات کو گرانے سے متعلق درخواست زیر سماعت تھی، جسٹس عمر سیال نے ریمارکس دئیے کہ سماعت شروع ہونے سے قبل سب سن لیں، جو کوئی تعمیرات گرانے پر حکم امتناع لینےآیا ہے،حکم امتناع نہیں ملےگا، سپریم کورٹ نےگزشتہ روز ہی تجاوزات گرانے کا حکم دیا ہے۔
گذشتہ روز چیف جسٹس کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے لارجر بینچ نے کڈنی ہل تجاوزات کیس میں کمشنر کراچی کو دو ہفتے میں غیر قانونی تعمیرات میں ختم کرنے کا حکم دیا اور اسی عرصے میں عمل درآمد رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا تھا۔ اس کے علاوہ عدالت عظمی نے صوبے کی تمام گرین بیلٹس بھی بحال کرانے کی ہدایات دی تھیں، حکمنامے میں سپریم کورٹ کی جانب سے کہا گیا تھا کہ تمام کھیل کے میدانوں و پارکس پر قائم تجاوزات کا خاتمہ کیا جائے اور محکمہ جنگلات کی زمینوں پر درخت لگائے جائیں۔