سندھ ہائی کورٹ

سندھ ہائی کورٹ نے ضلع کیماڑی کے قیام کے خلاف درخواست پر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 23دسمبرکو جواب طلب کرلیا

کراچی(رپورٹنگ آن لائن)سندھ ہائی کورٹ نے ضلع کیماڑی کے قیام کے خلاف درخواست پر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 23دسمبرکو جواب طلب کرلیاہے۔

سندھ ہائی کورٹ میں پیرکو ضلع کیماڑی کے قیام کے خلاف تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت اور ایم کیو ایم کی درخواست پر سماعت ہوئی ۔دوران سماعت عامر لیاقت کے وکیل نے جواب الجواب جمع کرنے کے لیے عدالت سے مہلت مانگ لی،جس پرعدالت نے فریقین سے23 دسمبر کو جواب طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔واضح رہے کہ ایم کیو ایم نے درخواست میں موقف اپنایاکہ کیماڑی اور ڈی ایم سی کیماڑی کا قیام غیر قانونی ہے کیونکہ ضلع کیماڑی کی تقسیم سے پہلے مقامی طور پر مردم شماری نہیں کی گئی۔

2018 کی مردم شماری کی حتمی فہرست جاری نہیں ہوئی لہٰذا اس سے قبل ایسا اقدام غیر آئینی و غیر قانونی ہے۔درخواست میں کہا گیا ہے کہ ریو نیو قوانین کے مطابق نئے ضلع کے قیام سے قبل عوامی سماعت لازمی ہے لیکن ایسا نہیں کیا گیااس لحاظ سے حکومت سندھ کا یہ فیصلہ انتظامی نہیں بلکہ سیاسی ہے۔درخواست کے مطابق نئے ضلع کا قیام قومی و صوبائی اسمبلی کی نشستوں اور بلدیاتی انتخابات میں اثر انداز ہونے کے مترادف ہے۔ قوانین کے تحت کسی بھی کونسل کو توڑنے یا نئی کونسل بنانے کے لیے عوام سے رائے لی جاتی ہے جو نہیں لی گئی۔