سندھ ہائی کورٹ

سندھ ہائی کورٹ،گجر نالہ تجاوزات آپریشن کیس میں سندھ حکومت اور کمشنر کراچی سے پالیسی طلب

کراچی(رپورٹنگ آن لائن)سندھ ہائیکورٹ نے گجر نالہ تجاوزات آپریشن کیس میں سندھ حکومت اور کمشنر کراچی سے پالیسی طلب کرلی۔پیرکوجسٹس عرفان سعادت خان اور جسٹس محمد فیصل کمال عالم نے پر مشتمل دو رکنی بینچ نے گجر نالہ تجاوزات آپریشن کیس میں محمد سلمان کی درخواست پر سماعت کی۔

درخواست گزار کے وکیل نے موقف دیا کہ گجر نالہ تجاوزات آپریشن میں میرے موکل کے 3 گھر توڑے گئے۔ جسٹس عرفان سعادت خان نے ریمارکس دیئے کہ ڈپٹی ایڈووکیٹ جنرل صاحب کیا ان متاثرینِ کے لیے کوئی بیل آئوٹ پلان ہے۔ لیاری ایکسپریس والوں کو متبادل پلاٹس دیئے تو ان بیچاروں کے لیے بھی کچھ کریں۔ سرکاری وکیل نے موقف دیا کہ سندھ حکومت سے پوچھ کر ہی پالیسی بتا پائوں گا۔

عدالت نے ریمارکس دیئے کہ بتایا جائے گجر نالہ متاثریں کے لیے کیا پالیسی طے کی گئی؟ کیا گجر نالہ متاثرین کو متبادل پلاٹ دیئے جائیں گے یا معاوضہ؟ سندھ حکومت نے اگر کوئی پالیسی بنائی ہے تو بتائے۔ عدالت نے سندھ حکومت اور کمشنر کراچی سے 15ستمبر تک پالیسی طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔