سندھ ہائیکورٹ

سندھ ہائی کورٹ،عارف علوی کے بیٹے اور دیگر کے نام پی آئی این ایل میں شامل کرنے پرتوہین عدالت کی درخواست ،ایف آئی اے و دیگر سے جواب طلب

کراچی(رپورٹنگ آن لائن)سندھ ہائیکورٹ نے سابق صدر عارف علوی کے بیٹے اعواب علوی اور دیگر کے نام پی آئی این ایل میں شامل کرنے پرتوہین عدالت کی درخواست پرایف آئی اے و دیگر سے 6 اگست تک جواب طلب کرلیا ہے۔

پیرکوسندھ ہائیکورٹ میں سابق صدر عارف علوی کے بیٹے اعواب علوی اور دیگر کے نام پی آئی این ایل میں شامل کرنے پر توہین عدالت کی درخواست کی سماعت ہوئی۔ درخواستگزار کے وکیل نے موقف دیا کہ ایف آئی اے حکام بار بار غلط بیانی کررہے ہیں۔ 18 جون کو عدالت میں بتایا کہ کسی لسٹ میں نام نہیں،بیرون ملک سفر کرسکتے ہیں۔ اس یقین دہانی پر ڈی جی ایف آئی اے کیخلاف توہین عدالت کی درخواست واپس لے لی تھی۔

19 جون کو نام پھر پی این آئی ایل میں شامل کرکے سفر سے روک دیا گیا۔ ڈی جی ایف آئی اے کیخلاف توہین عدالت کی درخواست بحال کی جائے۔ عدالت میں یقین دہانی کے باوجود سفر سے روکنے پر ڈی جی ایف آئی کیخلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے۔

عدالت نے ایف آئی اے و دیگر سے 6 اگست کو جواب طلب کرلیا۔ دائر درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ درخواستگزاروں کا نام پی این آئی ایل میں شامل کیا گیا۔ ان کو ملک سے باہر جانے نہیں دیا جا رہا ہے۔ بلا وجہ درخواستگزاروں کا نام پی این آئی ایل میں شامل کیا گیا۔ بغیر کسی نوٹس اور کسی جرم کے ان کا نام پی این آئی ایل میں شامل کرنا غیر قانونی ہے۔