سردار ایاز صادق 55

سردار ایاز صادق کی کرک میں پولیس موبائل پر فائرنگ کی مذمت،شہدا کے اہلخانہ سے تعزیت کا اظہار

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کرک کے تھانہ گرگری کی حدود میں پولیس موبائل پر فائرنگ کے افسوسناک واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اس میں 5 پولیس اہلکاروں کے جانی نقصان پر گہرے رنج و غم اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

منگل کو اپنے بیان میں انہوں نے فرض کی ادائیگی کے دوران جام شہادت نوش کرنے والے پولیس اہلکاروں کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا اور ان کے اہلِخانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ مشکل گھڑی میں شہید پولیس اہلکاروں کے اہلخانہ کے غم اور دکھ میں برابر کا شریک ہوں جنہوں نے وطن اور عوام کے تحفظ کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر اعلیٰ مثال قائم کی۔

انہوںنے کہاکہ سکیورٹی پر مامور پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنانا بزدلانہ اور درندہ صفت کارروائی ہے، قوم پولیس کے بہادر شہدا کی قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے، شہدا کا خون رائیگاں نہیں جائے گا، ریاست اور قوم دہشت گرد عناصر کے خلاف متحد ہیں۔سپیکر سردار ایاز صادق نے شہدا کے درجات کی بلندی اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں