لاہور(رپورٹنگ آن لائن)محکمہ صحت پنجاب نے رمضان بی بی کو ڈپٹی چیف نرسنگ سپرنٹنڈنٹ اور رقیہ بانو بطورنرسنگ سپرنٹنڈنٹ لاہور جنرل ہسپتال تعینات کر نے کے احکامات جاری کر دئیے ہیں۔
اس حوالے سے گفتگوکرتے ہوئے رمضان بی بی اور رقیہ بانو کا کہنا تھا کہ وہ پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر کی خصوصی طور پر مشکور ہیں اور اس امر کا اعادہ کرتی ہیں کہ پوری لگن اور تندہی سے دکھی انسانیت کی خدمت کا مشن جاری رکھیں گی۔انہوں نے کہا کہ نرسنگ کمیونٹی کی میڈیکل کے شعبے میں اہمیت لاز م و ملزوم ہے جو ڈاکٹرز کے شانہ بشانہ مریضوں کی دیکھ بھال کے لئے دن رات سرگرم عمل ہوتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایل جی ایچ میں نرسز مختلف شعبوں میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کررہی ہیں اور بالخصوص گزشتہ ڈیڑھ برس سے کورونا وبا کے دوران ڈاکٹرز کی طرح نرسوں نے بھی فرنٹ فٹ پر مقابلہ کیا ہے اور اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرنے سے بھی گریز نہیں کیا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ نرسنگ کمیونٹی کی فلاح و بہبود اور انہیں سہولتیں فراہم کرنے کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گی اور انشاء اللہ ادارے کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے اور جنرل ہسپتال کو معیاری علاج گاہ بنانے کے سفر میں شامل رہیں گی۔