لاہور(رپورٹنگ آن لائن)انسداد منشیات کی خصوصی عدالت نے مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثنا اللہ کے خلاف منشیات کیس کی سماعت 21نومبر تک ملتوی کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر پراسکیوشن کو فرد جرم عائد کرنے کیلئے بحث کا حکم دیدیا۔انسداد منشیات کی خصوصی عدالت کے جج شاکر حسن نے کیس کی سماعت کی ۔
عدالت نے رانا ثنا اللہ سمیت 6 ملزموں کی حاضری مکمل کی ۔ فرہاد علی شاہ ایڈووکیٹ نے موقف اپنایا کہ اعظم نذیر تارڑ ایڈووکیٹ نے ضابطہ فوجداری کی دفعہ 265 سی کی درخواست پر بحث کرنا ہے، اعظم نذیر تارڑ ایڈووکیٹ بار کونسل کے انتخابات کے لئے اسلام آباد میں مصروف ہیں اس لئے سماعت ملتوی کی جائے اور28 نومبر کو انتخابات کے بعد کی تاریخ مقرر کر دیں۔ پراسیکیوٹر نے موقف اپنایا کہ ہمیشہ ملزموں کے وکلا ء نے اپنی پسند کی تاریخ لی ہے۔
فاضل عدالت نے پراسیکیوٹر کو ہدایت کی کہ ملزموں کیخلاف کیا جرم بنتا ہے اس پر آئندہ سماعت پر بحث کریں۔ عدالت نے آئندہ سماعت 21نومبر تک ملتوی کر دی ۔