بیجنگ ( رپورٹنگ آن لائن)چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان چاو لی جیان نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی قرارداد 2758 کی اہمیت کے موضوع پر منعقدہ خصوصی بین الاقوامی سمپوزیم میں چینی و غیر ملکی ماہرین نے متفقہ رائے کا اظہار کیا ہے کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی قرارداد 2758 اس بات کی توثیق کرتی ہے کہ عوامی جمہوریہ چین کی حکومت واحد قانونی حکومت ہے جو تائیوان سمیت پورے چین کی نمائندہ ہے۔
ایک چین کا اصول قرارداد 2758 میں طے شدہ بین الاقوامی تعلقات کا بنیادی اصول ہے جسے عالمی برادری کی جانب سے وسیع پیمانے پر تسلیم کیا جاتا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق میڈیابریفنگ کے دوران چاو لی جیان نے کہا کہ امریکہ اور تائیوان انتظامیہ نے بدنیتی سے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی قرارداد 2758 کو غلط رخ دیتے ہوئے اقوام متحدہ میں تائیوان کی نام نہاد نمائندگی کا بیانیہ پھیلایا ہے، اور دانستہ ایک ایسے مسئلے کو ہوا دی جو عالمی برادری کے نزدیک پہلے ہی مکمل طور پر حل شدہ ہے۔ ایسے رویے کی کوئی قانونی بنیاد نہیں ہے اور یہ عالمی اتفاق رائے کی خلاف ورزی ہے۔
دنیا کے 180 ممالک ایک چین کے اصول کو تسلیم کرتے ہیں اور اس کی حمایت کرتے ہیں۔چین کے وحدت کے عمومی رجحان کے سامنے چند انفرادی قوتوں کی سیاسی جوڑ توڑ اور مذموم سازش ایک بار پھر یقیناً نا کام ہو گی۔









