اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن) وزیر مملکت اطلاعات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ پاکستان میں کمیونی کیشن محدود کنوینشنل وے پر نہیں ہے، اس کے بے شمار راستے کھل چکے ہیں، پاکستان میں اٹھارہ کروڑ موبائل فونز موجود ہیں اور بارہ کروڑ فور جی کنکشن موجود ہیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دنیا ایک گلوبل ویلج بن چکی ہے او ٹی ڈیز زمانے کا پلیٹ فارم آچکا ہے۔ آج سوشل میڈیا کا زمانہ ہے حکومت کا کام ماحول پیدا کرنا اور ڈائریکشن دینا ہے۔ ہمیں نوجوانوں کی صلاحیتوں کو نکھارنا ہے ہم نوجوانوں کے لئے کامیاب جوان لے کر آئے ہیں۔ وزارت اطلاعات پبلک پارٹنر شپ سے میڈیا یونیورسٹی بنانے جارہی ہے۔ موجودہ دور اظہار رائے کی جنگ کا ہے۔
کورونا کے دوران ہمیں اپنے تعلیمی اداروں کو بند کرنا پڑا ہمیں اپنے ڈرامہ کلچر کو دوبارہ زندہ کرنا ہے۔ ملکی آبادی کا ساٹھ فیصد نوجوانوں پر مشتمل ہے۔ نوجوانوں میں ہمیشہ کچھ نیا کام کرنے کی صلاحیت ہوتی ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے سمارٹ لاک ڈاﺅن کی طرف جانے کی کوشش کی موجودہ حکومت کے دور میں ستر ہزار کمپنیاں رجسٹرڈ ہوئی ہیں۔ فرخ حبیب نے کہا ڈیجیٹل میڈیا اپنا آپ منوا چکا ہے نوجوانوں کو اپنے آئیڈیا پر عمل درآمد کرنا ہوگا۔ وزیراعظم عمران خان نے نوجوانوں کے لئے سو ارب روپے فنڈ مختص کیا وہ چاہتے ہیں نوجوان ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔