مراد علی شاہ 4

داؤدی بوہرہ برادری سندھ کی معاشی ترقی میں اہم شراکت دار ہے، وزیراعلیٰ سندھ

کراچی (رپورٹنگ آن لائن) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ داؤدی بوہرہ برادری سندھ کی معاشی ترقی میں اہم شراکت دار ہے، اس برادری نے نسلوں سے تجارت، صنعت اور فلاحی سرگرمیوں میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ سندھ حکومت بوہرہ برادری کے سرمایہ، تجربے، مہارت اور عالمی روابط سے بھرپور فائدہ اٹھانا چاہتی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے داؤدی بوہرہ بزنس سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ کراچی ملک کا تجارتی اور مالیاتی مرکز ہے جبکہ سندھ میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ صوبے میں مینوفیکچرنگ، ٹیکسٹائل، ادویات، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور قابل تجدید توانائی سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے امکانات موجود ہیں۔مراد علی شاہ نے کہا کہ دھابیجی، خیرپور اور بن قاسم کے خصوصی اقتصادی زونز صنعتی سرمایہ کاروں کے لیے اہم مواقع فراہم کرتے ہیں۔ خصوصاً دھابیجی صنعتی زون، پورٹ قاسم سے رابطے کے باعث ایک اہم صنعتی اور معاشی مرکز بننے کی صلاحیت رکھتا ہے۔انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کی ترجیحات میں سرمایہ کاری کے ذریعے صنعتی ترقی، پیداواری صلاحیت میں اضافہ، برآمدات کا فروغ اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنا شامل ہے۔

حکومت کاروبار میں آسانی، سرمایہ کاری کے تحفظ اور پالیسیوں کے تسلسل کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔ سرمایہ کاری سہولت کاری کے نظام کا مقصد ابتدائی منظوریوں سے لے کر کاروبار کے قیام تک سرمایہ کاروں کو معاونت فراہم کرنا ہے۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ مقامی کاروباری افراد اور عالمی سرمایہ کاروں کے درمیان مشترکہ منصوبوں کی حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے۔ نجی شعبہ پائیدار معاشی ترقی کا اہم محرک ہے اور ہر نئی سرمایہ کاری سے روزگار کے مزید مواقع پیدا ہوتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ سندھ انٹرپرائز ڈویلپمنٹ فنڈ کے ذریعے چھوٹے کاروباروں اور خواتین کے زیر انتظام کاروباری سرگرمیوں کو مالی و دیگر معاونت فراہم کی جا رہی ہے۔ انہوں نے تجربہ کار کاروباری خاندانوں پر زور دیا کہ وہ نوجوان کاروباری افراد کی رہنمائی کریں، انہیں جدید کاروباری تقاضوں سے روشناس کرائیں اور ٹیکنالوجی کی منتقلی میں اپنا کردار ادا کریں۔

مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ صنعت، ٹرانسپورٹ، توانائی، زراعت، صحت اور تعلیم کے شعبوں میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ بوہرہ برادری سندھ کو محض کاروبار کرنے کی جگہ نہیں بلکہ نئی نسل کے لیے کاروبار شروع کرنے اور ترقی کے مواقع فراہم کرنے والی سرزمین کے طور پر بھی دیکھے۔وزیراعلیٰ سندھ نے بوہرہ کاروباری افراد کو صوبے کے صنعتی زونز میں سرمایہ کاری اور مقامی کاروباری افراد کے ساتھ شراکت داری کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ سندھ کے باصلاحیت نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنا حکومت کی اہم ترجیح ہے۔انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ سنجیدہ سرمایہ کاروں کی تجاویز پر سندھ حکومت قانون کے مطابق مکمل تعاون کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت اور بوہرہ کاروباری برادری کے درمیان مسلسل رابطے کا باضابطہ نظام قائم ہونا چاہیے تاکہ آج کا اجلاس عملی تعاون، نئی سرمایہ کاری اور دیرپا کاروباری شراکت داری کی بنیاد بن سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں