طارق فضل چوہدری 6

خیبرپختونخوا کے وسائل تصادم کی سیاست کے بجائے عوامی خدمت پر خرچ کیے جائیں، طارق فضل چوہدری

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا صوبے کے وسائل اور سرکاری مشینری عوامی خدمت کے لیے استعمال کریں، صوبے کے وسائل کو تصادم کی سیاست کے بجائے عوامی مسائل کے حل پر خرچ کیا جائے۔گزشتہ روز وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری پوسٹ پررد عمل دیتے ہوئے ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ کارکنوں کو صوابی انٹرچینج پر جمع کرنے اور آگے بڑھنے کے اعلانات سے صوبے کے مسائل حل نہیں ہوں گے، سیاسی مارچ سے نہ ترقی ہوگی، نہ روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔

خیبرپختونخوا کے عوام کو امن، تعلیم، صحت اور ترقی کب ملے گی؟ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کی پہلی ترجیح عوامی مسائل کا حل ہونا چاہیے، سڑکوں پر سیاسی طاقت کا مظاہرہ خیبرپختونخوا کے عوام کے مسائل حل نہیں کرے گا، خیبرپختونخوا اس وقت دہشت گردی کا سامنا کر رہا ہے، وزیراعلیٰ کی ترجیحات سیاسی محاذ آرائیاں ہیں، صوبہ کے عوام کو سیاسی مارچ نہیں، اپنے مسائل کا حل چاہیے۔

انہوںنے کہاکہ پاکستان کو محاذ آرائی نہیں، قومی یکجہتی درکار ہے۔ ملک کو انتشار ، استحکام اور نعروں کی بجائے عملی کارکردگی چاہیے۔ طارق فضل چوہدری نے کہا کہ ہم امن، قانون کی بالادستی اور جمہوری استحکام پر یقین رکھتے ہیں، ہر شہری کو پرامن احتجاج کا حق حاصل ہے لیکن قانون ہاتھ میں لینے اور عوامی زندگی مفلوج کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی، ریاستی اداروں سے تصادم کی کسی کوشش کو برداشت نہیں کیا جا سکتا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں