واشنگٹن (رپورٹنگ آن لائن)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ خفیہ معلومات افشاں کرنے والوں کو گولی مار دینی چاہیے۔انہوں نے دعوی کیا ہے کہ خبر رساں اداروں کو ایران پر حملے کا وقت معلوم ہونے کے باعث میں نے کارروائی منسوخ کر دی تھی۔
ٹرمپ نے اریزونامیں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میرے خیال میں پرانے زمانے کی طرح اب بھی خفیہ معلومات افشاں کرنے والوں کو گولی مار دینی چاہیے۔ٹرمپ کے مطابق بی 2 اسٹیلتھ بمبار طیارے اس بات کو یقینی بنانے کے لیے بھیجے گئے تھے کہ ایران کے پاس جوہری ہتھیار نہ ہوں لیکن ایران ان طیاروں کا انتظار کر رہا تھا۔انہوں نے کہا کہ کسی گھٹیا شخص نے معلومات افشاں کی تھیں، اسے جیل بھیج دینا چاہیے اور گولی بھی مار دینی چاہیے، اسے اپنی باقی زندگی جیل میں گزارنی چاہیے۔
ٹرمپ نے مزید کہا کہ کسی نے یہ خبر لیک کی کہ میں میسوری سے رات 12 بج کر 7 منٹ پر روانہ ہو رہا ہوں اور یہ خبر نیویارک ٹائمز اور سی این این میں بھی آ گئی، انہوں نے ہمارے روانہ ہونے اور پہنچنے دونوں کے اوقات افشاں کر دیے۔ٹرمپ کا کہنا تھا کہ دو روز بعد اسی وقت کارروائی انجام دی جانی تھی، یہی وہ واحد موقع تھا جب ایران کو ہماری آمد کی توقع نہیں تھی، لیکن خبر لیک ہونے کے بعد مجبورا کارروائی روکنا پڑی۔امریکی صدر نے خفیہ معلومات افشاں کرنے والوں کو زمین پر موجود بدترین لوگ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کے خلاف بہت سخت کارروائی کی جانی چاہیے۔








