کراچی (رپورٹنگ آن لائن) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما وقار مہدی نے کہا ہے کہ خرم دستگیر بتائیں کہ ان کی جماعت نے صوبہ پنجاب میں کس طرح حکمرانی حاصل کی؟۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما وقار مہدی نے مسلم لیگ ن کے رہنما خرم دستگیر کے بیان پر ردِعمل دیتے ہوئے کہا کہ خرم دستگیر بوکھلاہٹ کے باعث کراچی اور لاہور کا ذکر کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سندھ میں پیپلز پارٹی حقیقی مینڈیٹ کے ساتھ حکومت میں آئی ہے جبکہ پنجاب میں (ن )لیگ چور دروازے اور خیراتی مینڈیٹ سے اقتدار پر بیٹھی ہوئی ہے۔وقار مہدی نے کہا کہ مشکل وقت میں ڈیل کر کے ملک چھوڑ کر جانے والوں کی جماعت کو عوام ووٹ نہیں دیں گے۔
واضح رہے کہ ہنزہ میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ (ن کے رہنما خرم دستگیر نے نام لیے بغیر پیپلز پارٹی پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ فیصلہ عوام کو کرنا ہے کہ اگلے 5 سال ہنزہ کو کراچی جیسا بننا ہے یا لاہور جیسا؟خرم دستگیر نے کہا تھا کہ سڑکیں وہی بنائیں گے جنہوں نے ماضی میں شاہراہوں کا جال بچھایا، گلگت بلتستان سے بلوچستان تک ہر منصوبے پر شیر کا نشان ہے۔









