خرطوم ( رپورٹنگ آن لائن)سوڈان کے دارالحکومت خرطوم کی عبوری حکومت کے وزیر صحت فتح الرحمن محمد الامین نے اعلان کیا ہے کہ پوری ریاست میں ہیضے کے کل مریضوں کی تعداد 1031 تک پہنچ چکی ہے.
جن میں سے 531 مریض صحت یاب ہو کر آئسولیشن مراکز سے فارغ ہو چکے ہیں۔عرب ی وی کے مطابق ہیضے کے کیسز میں کمی دیکھنے میں آئی ہے، جس کی بڑی وجہ وہ حفاظتی اقدامات ہیں جو مقامی حکام کی جانب سے کیے گئے۔وزیر صحت نے بتایا کہ پانی کی فراہمی دوبارہ شروع کر دی گئی ہے کیونکہ بجلی کی بحالی کے بعد واٹر پمپنگ اسٹیشنز نے کام کرنا شروع کر دیا ہے۔
اس کے ساتھ ساتھ جنوبی خرطوم کے علاقے جبل الاولیا میں ہیضے کے خلاف ویکسی نیشن مہم کا آغاز کیا گیا ہے اور ہنگامی طبی ٹیموں کی تعداد میں بھی اضافہ کیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ آئسولیشن مراکز میں زیرِ علاج بڑی تعداد میں مریضوں کو دیگر تیار شدہ مراکز میں منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں بستروں، وارڈز اور دوا کی مناسب فراہمی کو یقینی بنایا گیا ہے۔