شیزل شوکت 70

جو شخص اپنے ملک کا وفادار نہیں، وہ کسی اور کا بھی نہیں ہوسکتا،اداکارہ شیزل شوکت

لاہور (رپورٹنگ آن لائن)ابھرتی ہوئی اداکارہ و ماڈل شیزل شوکت نے انکشاف کیا ہے کہ وہ ایک بھارتی ویب سیریز میں کام کر رہی تھیں کہ دونوں ممالک میں کشیدگی ہوگئی اور ان کا منصوبہ ختم ہوگیا۔

انہوں نے فواد خان کو نام لیے بغیر تنقید کا نشانہ بھی بنایا کہا کہ اگر وہ ان کی جگہ ہوتیں تو بھارت کے معاملے پر خاموشی اختیار نہ کرتیں۔حال ہی میں شیزل شوکت نے ایف ایچ ایم کے ایک پروگرام میں شرکت کی، جہاں انہوں نے کئی اہم موضوعات پر کھل کر گفتگو کی۔شیزل شوکت نے انکشاف کیا کہ حالیہ پاک-بھارت کشیدگی کے دوران، انہیں انسٹاگرام پر کئی بھارتی صارفین نے میسجز بھیجے جن میں پاکستانی طیاروں کی فوٹیجز کو گرانے کے بھارتی دعووں کو جھوٹا قرار دیا گیا۔

بولی وڈ میں کام کے سوال پر شیزل شوکت نے کہا کہ اگر انہیں وہاں موقع ملا تو وہ ضرور کام کریں گی لیکن ان کا مقف ہے کہ بھارت میں تبھی کام کریں گی جب وہاں انہیں عزت دی جائے۔ان کا کہنا تھا کہ وہ اپنی اداکاری کو مزید بہتر بنانا چاہتی ہیں تاکہ جب کسی بین الاقوامی پلیٹ فارم پر کام کرنے کا موقع ملے تو وہ بہترین انداز میں خود کو پیش کرسکیں۔

بھارت میں پاکستانی فنکاروں پر پابندی اور فنکاروں کی خاموشی پر تنقید کرتے ہوئے شیزل شوکت کا کہنا تھا کہ اگر میں ان اداکاروں کی جگہ ہوتی اور بھارت میرے ساتھ ناانصافی کرتا تو میں ضرور آواز اٹھاتی۔اداکارہ کے مطابق ہمیں یہ یقین رکھنا چاہیے کہ رزق اللہ دیتا ہے، بولی وڈ نہیں تو ہولی وڈ کا دروازہ بھی کھلا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ میری فطرت ہے کہ میں اپنے ملک کے خلاف کچھ نہیں سن سکتی اور مجھے یہ بھی لگتا ہے کہ جو شخص اپنے ملک کا وفادار نہیں، وہ کسی اور کا بھی نہیں ہوسکتا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں