لاہور(رپورٹنگ آن لائن) پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ و امیر الدین میڈیکل کالج کے ڈاکٹر فریاد حسین کے لئے2020کا سال انتہائی خوش قسمت ثابت ہواکیونکہ انہوں نے اس سال کم عمر میں ہی ایسوسی ایٹ پروفیسر آف پیڈیاٹرک بننے کا اعزازاپنے نام کر لیا ہے۔38سالہ ڈاکٹر فریاد حسین پنجاب پبلک سروس کمیشن سے گریڈ 19 میں ایسوسی ایٹ پروفیسر منتخب ہوئے جبکہ چند ہفتہ قبل اسسٹنٹ پروفیسر کے عہدے پر ترقی ملی اور اسی سال دسمبر میں ہی وہ ایسوسی ایٹ پروفیسر بھی بن گئے جو اس ادارے کیلئے بھی قابل فخر اقدام ہے۔
پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر نے ڈاکٹر فریاد حسین کو ایسوسی ایٹ پروفیسر بننے پر مبارکباد دیتے ہوئے ادارے کے لئے ان کی کامیابی کو بڑا اعزاز قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر فریاد حسین کا شمار جنرل ہسپتال اور پی جی ایم آئی کے ا نتہائی ہونہار اور پیشہ ور معالجین میں ہوتا ہے جو بطور کم عمر ایسوسی ایٹ پروفیسر نوجوان ڈاکٹروں کیلئے ایک رول ماڈل کا درجہ رکھتے ہیں۔نیز صوبہ بھر میں ایسوسی ایٹ پروفیسر آف پیڈیاٹرک کی واحد سیٹ پر کامیاب ہونے والے ڈاکٹر فریاد حسین 2کتابوں “developed Paeditric oncology and ROP clinic in collaboration with fred hallows “NGO کے مصنف بھی ہیں اور انہوں نے پی جی ایم آئی و امیر الدین میڈیکل کالج میں ڈاکٹروں کوٹریننگ دینے اور “کپیسٹی بلڈنگ” کے لئے بھی خاطر خواہ خدمات سر انجام دیں ہیں جس میں 11ریسرچ پیپر،متعدد تربیتی ورکشاپ اور شعبہ اطفال میں گریجویٹ و انڈر گریجویٹ ڈاکٹروں کو اپنی پیشہ وارانہ تربیت فراہم کرنا شامل ہے۔ ڈاکٹر فریاد حسین نے قائد اعظم میڈیکل کالج بہاولپور سے گریجویشن کی اور 2008سے بطور میڈیکل آفیسر جنرل ہسپتال سے اپنی ملازمت کا آغاز کیا۔
یہ امر قابل ذکر ہے کہ ڈاکٹر فریاد حسین پیڈیاٹرک ایسوسی ایشن کے جوائنٹ سیکرٹری بھی ہیں اور انہیں 2015میں سینئر رجسٹرار کے عہدے پر ترقی ملی جبکہ وہ2020میں اسسٹنٹ سے ایسوسی ایٹ پروفیسر تک جا پہنچے۔ اس کامیابی پر ڈاکٹر فریاد حسین نے بھی پرنسپل پی جی ایم آئی، پروفیسر آغا شبیر علی اور اپنے تمام سینئرز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ وہ مریضوں کی بہتری اور بالخصوص شعبہ اطفال کو مزید مضبوط بنانے میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔