جنرل ہسپتال

جنرل ہسپتال ویب سائٹ کی مقبولیت میں اضافہ،وزیٹرز کی تعداد 15لاکھ ہو گئی

لاہور08ستمبر(رپورٹنگ آن لائن)ڈینگی سے محفوظ پنجاب پروگرام پر عملدامد یقینی بنانے کیلئے لاہور جنرل ہسپتال کی ڈینگی سے متعلق آگاہی فراہم کرنے، احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور اس بیماری کے علاج معالجے کے متعلق بنائی گئی ویب سائٹ www.lgh.org.pkدیکھنے والوں کی تعداد15لاکھ تک پہنچ گئی اور اس تعداد میں دن بدن اضافہ ہو رہا ہے جبکہ جنرل ہسپتال کے فیس بک کے پیج www.facebook.com/lghlahoreسے بھی لوگ رہنمائی حاصل کر رہے ہیں۔ اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج و پی جی ایم آئی پروفیسر ڈاکٹر محمد الفرید ظفر نے کہا ہے کہ عہد حاضر میں ویب سائٹ جیسے اقدام شہریوں کو بروقت معلومات کی فراہمی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں بالخصوص ڈینگی جیسے وبائی مرض کے خطرے سے نمٹنے اور بدلتے ہوئے موسم میں احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کیلئے عام شہری مذکورہ ویب سائٹ سے بھر پور استفادہ کر رہے ہیں جو کہ اس کی بڑھتی ہوئی تعداد سے ثابت ہو رہا ہے۔

پروفیسر الفرید ظفر کا کہنا تھا کہ ڈینگی کے بارے میں معلومات اردو زبان میں ہونے کے ناطے عام شہریوں کیلئے ذیادہ قابل فہم ہیں۔ ہسپتال انتظامیہ اس ویب سائٹ کی کامیابی و مقبولیت دیکھتے ہوئے دیگر موسمی بیماریوں اور وباوؤں کے بارے میں بھی سپیشل پیجز بنانے کیلئے کام کر رہی ہے تاکہ شہریوں کو گھر بیٹھے ضروری معلومات اور احتیاطی تدابیر سے رہنمائی حاصل ہو سکے۔ انہوں نے شہریوں پر بھی زور دیا کہ وہ اپنے گھروں کے علاوہ گلی محلے میں بھی صفائی کی اہمیت پر توجہ دیں اور ڈینگی و دیگر امراض کے خلاف بھر پور کردار ادا کرتے ہوئے اپنا قومی و سماجی فرض ادا کریں۔