لاہور جنرل ہسپتال

جنرل ہسپتال میں گرینڈ ہیلتھ الائنس کے ز یر اہتمام فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلی کا انعقاد

لاہور22اکتوبر(زاہد انجم سے)گرینڈ ہیلتھ الائنس لاہور جنرل ہسپتال نے فلسطین میں اسرائیل کی جانب سے دہشتگردی،نسل کشی،مظالم اور بربریت کے خلاف احتجاج اور فلسطینی مسلمانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے ریلی کا انعقاد کیا جس میں شعبہ آرتھوپیڈک کے سربراہ پروفیسر محمد حنیف میاں کی قیاد ت میں ہڈی و جوڑ کے ڈاکٹرز کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ پروفیسر ڈاکٹر محمود الفرید ظفر،ایم ایس ڈاکٹر فریاد حسین،پروفیسر خالد کاظمی، گرینڈ ہیلتھ الائنس کے رہنما ؤں ڈاکٹر حسیب تھند،خالدہ تبسم، رانا پرویز،جنید میو،منزہ شاہین ہم قدم رہے جبکہ ڈاکٹر طاہر محمود،ڈاکٹر رضوان شاہ،ڈاکٹر شیراز ملک،ڈاکٹر عبداللہ، ڈاکٹر شاہ رخ، ڈاکٹر حسنین خالد، ڈاکٹر نرسز اور پیرا میڈیکل سٹاف کی بڑی تعداد موجود تھی۔ ریلی کے شرکاء نے فلسطینی اور غزہ بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جبکہ اسرائیلی جارحیت کے خلاف بھرپور نعرے بازی کی۔

پرنسپل پی جی ایم آئی ڈاکٹر الفرید ظفر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی حملے میں مرد مجاہد اسماعیل ہانیہ کی شہادت انتہائی قابل مذمت عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل نہتے فلسطینیوں کی نسل کشی کی منظم سازش جاری رکھے ہوئے ہے،معصوم فلسطینیوں کو غذا، ادویات، پینے کا صاف پانی اور دیگر ضروریات زندگی سے محروم کیا جا چکا ہے جبکہ اقوام متحدہ سمیت انسانیت کی علمبردار تنظیمیں اس حوالے سے فعال کردار ادا کرنے میں اب تک ناکام رہی ہیں۔ایم ایس ڈاکٹر فریاد حسین کا کہنا تھا کہ فلسطین میں ہسپتالوں، گھروں،صحافیوں، فلاحی کارکنان اور میڈیکل کمیونٹی کو نشانہ بنایا جا رہا ہے جبکہ معصوم بچوں اور خواتین کی بڑی تعداد شہید ہونے والوں میں شامل ہیں۔

پروفیسر ڈاکٹر محمد حنیف میاں کا کہنا تھا کہ اسرائیلی فوجی ہماری فلسطینی بہنوں کو جنسی درندگی کا نشانہ بنا رہے ہیں اور قتل کر رہے ہیں جبکہ امت مسلمہ خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔ انہوں نے حکومت پاکستان بالخصوص امت مسلمہ سے مطالبہ کیا کہ وہ فلسطینیوں کی مدد کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں تاکہ فلسطینیوں کو اسرائیلی ظلم و بربریت سے نجات مل سکے۔ پروفیسر ڈاکٹر خالد کاظمی کا کہنا تھا کہ امت مسلمہ کی مثال ایک جسم کی مانند ہے جس کے اگر ایک حصے کو بھی تکلیف ہو تو سارا جسم درد محسوس کرتا ہے لہذا ہمیں اپنے فلسطینی بھائیوں کے حقوق اور آزادی کے لئے ہر فورم پر آواز اٹھانا ہوگی۔صدر ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن ڈاکٹر حسیب تھندکا کہنا تھا کہ اسماعیل ہانیہ کا قتل امت مسلمہ کے منہ پر طمانچہ ہے اور یہ اسرائیل کے مکروہ چہرے کا عکاس ہے۔

مسز خالدہ تبسم، رانا پرویز اور جنید میو کا کہنا تھا کہ اسلام ہمیں خواتین کی عزت کا درس دیتا ہے،جس سفاکیت اور درندگی سے اسرائیل ہماری فلسطینی بہنوں کی عزت پامال کر رہا ہے وہ نہایت قابل مذمت اور افسوسناک ہے۔ آرتھو پیڈک سرجن ڈاکٹر شیراز ملک،ڈاکٹر حسنین خالدنے بھی ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم اسرائیلی مصنوعات کا بائیکاٹ جاری رکھیں گے اور پوری قوم سے یہ اپیل کرتے ہیں کہ وہ اس بائیکاٹ کی مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں تاکہ اسرائیل کی سہولت کار کمپنیوں کو کرا را جواب مل سکے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیاکہ وہ اپنی عوام کی حقیقی ترجمانی کرتے ہوئے فلسطین کی تمام تر ممکن سیاسی،سماجی عسکری اور مالی تعاون کو جس حد تک ممکن ہو سکے یقینی بنائے اور اس حوالے سے لاہور جنرل ہسپتال کے ڈاکٹرز، سٹاف، پیرامیڈکس صف اول کا کردار ادا کرنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔