جنرل ہسپتال

جنرل ہسپتال میں مفت ادویات کی فراہمی کیلئے 7کاؤنٹرز پر مشتمل فارمیسی کا افتتاح

لاہور12مئی(زاہد انجم سے)وزیر اعلی پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کی ہدایت پر مریضوں کو بلا امتیاز اور معیاری مفت ادویات کی فراہمی کیلئے لاہور جنرل ہسپتال کے آؤٹ ڈور میں سٹیٹ آف دی آرٹ ماڈل فارمیسی قائم کردی گئی ہے جس کا افتتاح پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر الفرید ظفر نے کیا جبکہ ماڈل فارمیسی کے قیام پر ایم ایس پروفیسر ڈاکٹر فریاد حسین اور اُن کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کیا۔اس موقع پر ڈائریکٹر آؤٹ ڈور ڈاکٹر عدنان مسعود، چیف فارماسسٹ امیر شاہد، ڈاکٹر عبدالعزیز، ڈاکٹر صارم شاہد، ڈاکٹر نادیہ ارشد، ڈاکٹر عمرپاشا، ڈاکٹر عاصمہ اکرم، ڈاکٹر سلمان شکیل سمیت ہیلتھ پروفیشنلز موجود تھے۔

 پروفیسر الفرید ظفر نے کہا کہ مریض او پی ڈی فارمیسی سے صبح آٹھ بجے سے شام آٹھ بجے تک معیاری ادویات مفت حاصل کر سکیں گے جس سے نہ صرف اُن کی پریشانی کم ہوگی بلکہ انتظار کی زخمت سے بھی بچ سکیں گے۔میڈیکل سپرنٹنڈنٹ پروفیسر ڈاکٹر فریاد حسین نے پروفیسر الفرید ظفر کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ مریضوں کی سہولت کیلئے سات کاونٹر قائم کئے گئے ہیں جس میں سینئر سیٹیزنز، خصوصی افراد، مرد و خواتین اور سرکاری ملازمین کیلئے الگ الگ کاونٹر شامل ہیں۔   پروفیسر الفرید ظفر نے انتظامیہ سے کہا کہ سرکاری ادویات پنجاب حکومت کی جانب سے امانت ہیں اور ان کی ترسیل کا مکمل ریکارڈ رکھا جائے۔ انہوں نے چیف فارماسسٹ کو ہدایت کی کہ وہ ہسپتال میں موجود ادویات سے متعلق روزانہ کی بنیاد پر شعبہ ایمرجنسی، ان ڈور اور آؤٹ ڈور کے ڈاکٹرز کو مکمل طور پر آگاہ رکھیں تاکہ انہیں ادویات تجویز کرتے وقت آسانی ہو۔

 ایم ایس ڈاکٹر فریاد حسین کا کہنا تھا آؤٹ ڈور میں روزانہ کی بنیاد پر تین ہزار سے زائد مریض آتے ہیں جن کا بغیر پرچی فیس سینئر ڈاکٹرز علاج معالجہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فارمیسی 12گھنٹے کھلی رہنے سے مریضوں کو ادویات کے حصول میں کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا اور یہ واحد ہسپتال ہے جہاں آؤٹ ڈور فارمیسی میں سات کاؤنٹرز بنائے گئے ہیں جو قابل ستائش امر ہے۔پرنسپل پروفیسر الفرید ظفر نے ماڈل فارمیسی کے کاؤنٹرز کا دورہ کیا،مریضوں کو دی جانے والی ادویات کا معائنہ کیااورتمام انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے انہیں تسلی بخش قرار دیا۔