لاہور(زاہد انجم سے)پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ پروفیسر ڈاکٹر محمد الفرید ظفر نے بتایا کہ لاہور جنرل ہسپتال میں ڈینگی بخار میں مبتلا مریضوں کی بر وقت مفت تشخیص،علاج اور رہنمائی کے لئے ایمرجنسی /آؤٹ ڈور میں سہولت کاؤنٹر ز قائم کر دئیے گئے ہیں۔ایسے مریضوں کے علاج کے لئے ڈاکٹرز و دیگر طبی عملہ دستیاب ہوگا۔
اس امر کا اظہار انہوں نے سوموار کی صبح ایل جی ایچ میں انسداد ڈینگی کی سرگرمیوں،عوامی شعور کی بیداری اور مریضوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کے لئے کیے گئے انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ایل جی ایچ ڈاکٹر خالد بن اسلم نے پرنسپل کو بریفنگ میں بتایا کہ ڈینگی بخار کے مریضوں کے لئے 56بستر مختص ہیں جبکہ ضرورت کے پیش نظر ان کی تعداد200تک بڑھا دی جائے گی۔ اسی طرح ڈاکٹرز و نرسز کو ڈیوٹیاں تفویض کر دی گئی ہیں۔ڈاکٹر سید جعفر حسین، ڈاکٹر محمد مقصود، ڈاکٹر لیلیٰ شفی اور ڈاکٹر عبدالعزیز اس موقع رپر موجود تھے۔ پروفیسر الفرید ظفر نے انتظامی ڈاکٹرز کو ہدایت کی کہ ہسپتال کی حدود میں ڈینگی مچھر کی افزائش اور لاورے کے خاتمے کے لئے کڑی نگرانی کی جائے اور اس مقصد کے لئے بنائی گئی ٹیمیں عمارتوں کی چھتوں،لانز اور گملوں وغیر ہ کا بغور معائنہ یقینی بنائیں تاکہ کسی جگہ پانی کھڑا نہ ہو جو ڈینگی مچھر کی پرورش کا باعث بنتا ہے۔
نیز ہسپتال میں ڈینگی وائرس سے بچاؤ کے لئے روزانہ کی بنیاد پر سپرے کرنے کا عمل جاری رکھیں جس سے مریضوں،لواحقین اور ہیلتھ پروفیشنلز کو محفوظ رکھا جا سکے گا۔ پرنسپل پی جی ایم آئی نے ایم ایس کو واضح کہا کہ اپنی ڈیوٹیوں سے بغیر اطلاع غیر حاضر رہنے والوں کے خلاف بلا تاخیر محکمانہ کاروائی عمل میں لائی جائے، ڈسپلن، حاضری اور مریضوں کی دیکھ بھال پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوسکتا۔پروفیسر الفرید ظفر نے نرسنگ انتظامیہ کو کہا کہ وہ اپنے ماتحت سٹاف کو پابند بنائیں کہ وہ مریضوں کے میڈیکل چارٹ اپ ڈیٹ رکھیں تاکہ ان کی علاج معالجے کے بارے میں ڈاکٹرز کو لمحہ بہ لمحہ آگاہی حاصل رہ سکے۔
پروفیسر الفرید ظفرنے کہا کہ ڈینگی وائرس میں مبتلا مریضوں کو علاج معالجے کی مفت سہولیات کی فراہمی یقینی بنانا انتظامی ڈاکٹرز کی ذمہ داری ہے لہذا انہیں اپنی اپنی ڈیوٹی میں اس پر خصوصی توجہ دینا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ غیر معمولی بارشوں اور سیلابی صورتحال کی وجہ سے پاکستان کے اکثر علاقوں میں ڈینگی کے مرض میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے اور خصوصا سیلاب زدہ شہروں میں ڈینگی مریض بڑی تعداد میں رپورٹ ہو رہے ہیں لہذا میڈیکل سے وابستہ افراد کی ذمہ داری ہے کہ شہریوں میں صاف ستھرا ماحول رکھنے کے بارے میں شعور اجاگر کریں کیونکہ ڈینگی کا خاتمہ ہم سب کا قومی فریضہ ہے جس میں سماجی و دوسری تنظیموں کو اپنا حصہ ڈالنا ہوگا۔