لاہور- 19 جون(زاہد انجم سے) پرنسپل پی جی ایم آئی پروفیسر الفرید ظفر نے جنرل ہسپتال میں مسلسل 10 سالوں سے عید پر ڈیوٹی سر انجام دینے والے ہیلتھ پروفیشنلز کے لیے تعریفی اسناد دینے کا اعلان کر دیا -پروفیسر الفرید ظفر نے کہا کہ دین اسلام میں زندگی بچانا سب سے عظیم مرتبہ ہے، ڈاکٹرز، نرسز، پیرا میڈیکل اسٹاف نے اپنی خوشیاں قربان کر کے دکھی انسانیت کی خدمت کو ترجیح دی- انہوں نے کہا کہ دکھی انسانیت کی خدمت کیلئے اپنی خوشیاں قربان کرنے والے اصل ہیرو ہیں ان کی ہر ممکن حوصلہ افزائی کی جائے گی
پرنسپل پی جی ایم آئی نے ان خیالات کا اظہار عید کے تیسرے روز ہسپتال کے مختلف شعبوں کے تفصیلی دورہ کے دوران کیا-پروفیسر الفرید ظفر نے کہا کہ بیماروں کی خدمت میں گزارا ہوا وقت عید کی خوشیاں کے لمحات سے کم نہیں ہوتا ہے،مریضوں کے دکھ درد کم کر کے ہیلتھ پروفیشنل کی عید کی خوشیاں دو بالا ھوتی ھیں-پرنسپل پی جی ایم آئی نے ایمر جنسی سرجیکل ائی سی یو، بچہ وارڈ و دیگر شعبوں کا دورہ کیا اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا اور انتظامی ڈاکٹرز کو مریضوں کے علاج معالجے کو مانیٹر کرنے کی ہدایت کی- لواحقین نے بہتر نگہداشت پر اظہار اطمینان اور ہیلتھ پروفیشنل کے رویے کی تعریف کی- قبل ازیں پرنسپل پی جی ایم آئی نے مریضوں کی خیریت دریافت کی اور مٹھائی بھی تقسیم کی
دریں اثناء پرنسپل پی جی ایم آئی پروفیسر الفرید ظفر نے ڈائلیسز سنٹر کا بھی دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا – اس موقع پر انہوں نے کہا کہ جنرل ھسپتال میں عید الاضحی کے ایام میں گردوں کے امراض میں مبتلا مریضوں کیلئے 24 گھنٹے ڈایلسز کی بلا تعطل سہولت کی فراہمی جاری رہی، عید کے 3 یوم میں 130 مریضوں کے ڈایلسز کیے گئے- انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی پالیسی کے مطابق مریضوں کے مفت ڈائلسز کیے جا رہے ہیں-اس موقع پر ایم ایس ڈاکٹر فریاد حسین ڈی سی این ایس زمرد خورشید اور انتظامی ڈاکٹر ز بھی موجود تھے-