لاہور(زاہد انجم سے)لاہور جنرل ہسپتال میں پنجاب حکومت نے ایک اور احسن اقدام اٹھاتے ہوئے شعبہ امراض اطفال کے لئے ایسوسی ایٹ پروفیسر آف گیسٹر و انٹر نالوجی کی نئی آسامی متعارف کروا دی ہے جس پر ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر حسن سلیمان ملک کو تعینات کر دیا گیا ہے اور انہوں نے اپنی ذمہ داریاں بھی سنبھال لی ہیں۔
پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر الفرید ظفر نے شعبہ امراض بچگان میں نئی آسامی پر ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر حسن سلیمان ملک کی تعینا تی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ لاہور جنرل ہسپتال میں اُن کی تقرری سے بچوں کے معدے، آنت اور جگر کی بیماریوں کے علاج میں سہولیات میں نمایاں اضافہ ہوگا اور انہیں زیادہ بہتر تشخیصی ٹیسٹ اور اینڈو سکوپی کی سہولیات دستیاب ہوں گی جس سے علاج کے لئے ہسپتال آنے والے بچوں اور اُن کے والدین کے لئے بھی آسانیا ں پیدا ہوں گی۔
پروفیسر الفرید ظفر کا مزید کہنا تھا کہ یہ تمام تر سہولیات پنجاب حکومت کی مروجہ پالیسی کے مطابق بلا معاوضہ فراہم کی جائیں گی جس سے مریضوں اور اُن کے اہل خانہ کو مزید ریلیف ملے گا۔پرنسپل پی جی ایم آئی نے ڈاکٹر حسن سلیمان ملک کو مبارکباد دیتے ہوئے اُن کی خدمات کو سراہا اورکہا کہ اُن کا شمار بہترین طبی ماہرین میں ہوتا ہے اور اُ ن کی اس شعبے میں تعیناتی سے بلا شبہ لاہور جنرل ہسپتال کے معیار میں مزید بہتری آئے گی۔
یہ امر قابل ذکر ہے کہ ڈاکٹر حسن سلیمان ملک ایف سی پی ایس (پیڈیاٹرک گیسٹرو انٹر الوجی اینڈ ہیپاٹو لوجی) کے علاوہ سینئر پیڈیاٹرک ہیپا ٹولوجسٹ ہیں جبکہ وہ سی پی ایس پی کے لئے پاکستان میں اس شعبے کے پہلے ماہر کے طور پر جانے جاتے ہیں جنہوں نے پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ، امیر الدین میڈیکل کالج اور لاہور جنر ل ہسپتال کی میڈیکل ٹیم میں شمولیت اختیار کی ہے۔
ڈاکٹر حسن سلیمان ملک کی میڈیکل کے شعبے میں مہارت سے بچوں کو نظام انہضام کی مختلف بیماریوں کے علاج میں خاطر خواہ مدد ملے گی جبکہ وہ اینڈو سکوپک طریقہ کار چھوٹی آنت و بڑی آنتوں کی بائیو آپسی، پولی پیکٹومی فاریگن باڈی ریموولز اور بچوں کے لئے جگر کی بائیو آپسی کے لئے بھی خدمات دیں گے۔ ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر حسن سلیمان ملک نے اس عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس اعتماد پر پورا اتریں گے اور بالخصوص بچوں کے علاج معالجے کے لئے اپنی تمام صلاحیتیں برؤئے کار لائیں گے۔٭








