لاہور(زاہد انجم سے) 16 جون ¡ پرنسپل پی جی۔ایم ائی پروفیسر الفرید ظفر کے احکامات کی روشنی میں لاہور جنرل ہسپتال کی انتظامیہ نے عید الاضحی کی سرکاری تعطیلات کے دوران مریضوں کو علاج معالجے کی بر وقت سہولیات کی فراہمی کے لئے انتظامات کو حتمی شکل دے دی ہے۔میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ایل جی ایچ ڈاکٹر فریاد حسین نے بتایا کہ انتظامی ڈاکٹرز اور ہیلتھ پروفیشنلز کی ڈیوٹیاں لگا دی گئی ہیں جودیے گئے شیڈول کے مطابق تین شفٹوں میں فرائض سر انجام دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی پالیسی کے تحت ایمرجنسی میں مریضوں کو بغیر پرچی فیس ادویات،تشخیصی ٹیسٹ و دیگر سہولیات مفت دستیاب ہوں گی جبکہ تعطیلات میں گردوں کے مریضوں کی سہولت کیلئے ڈائلاسز سنٹر کھلا رہے گا- انہوں نے کہا کہ عید کے پہلے روز اور ٹرو پر مریضوں و لواحقین کو سپیشل ناشہ، دوپہر اور شام کا کھانا دیا جائے گا-میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ایل جی ایچ ڈاکٹر فریاد حسین نے تمام شعبوں کے سربراہان سے کہا ہے کہ وہ عید کے ایام میں اپنے ماتحت عملے کی کارکردگی کو مانیٹر کریں- شعبہ ورکس کے ملازمین کو ہدایت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تمام جنریٹر اپ ڈیٹ رکھیں اور ان ایام میں الیکٹریشن و دیگر سٹاف کی ڈیوٹی پر حاضری یقینی بنائی جائے۔
ڈاکٹر فریاد حسین نے سینٹری انسپیکٹرز کو بھی سختی سے ہدایت کی کہ صفائی ستھرائی پر خصوصی توجہ دیں تاکہ ہسپتال آنے والے افراد کو خوشگوار ماحول مل سکے۔ایم ایس نے سکیورٹی گارڈز کو بھی اپنی ڈیوٹی کے دوران چاق و چوبند رہنے کی ہدایت کی اور کہا کہ وہ مریضوں ولواحقین کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آیا کریں، شکائیت کی صورت میں قواعد و ضوابط کے مطابق کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ایم ایس ڈاکٹر فریاد حسین نے اے ایم ایس ایڈمن اور نرسنگ انتظامیہ کو بھی واضح کہا کہ اپنے اپنے ماتحت سٹاف سے ڈیوٹی اوقات کی سختی سے پابندی کروائی جائے، غیر حاضر رہنے یا تاخیر آنے والے ملازمین کے خلاف بلا تاخیر محکمانہ کاروائی عمل میں لائیں۔ایم ایس نے اے ایم ایس اور ڈی ایم ایس صاحبان سے بھی کہا کہ وہ دوسری شفٹ کو چارج دیے بغیر نہیں جا سکیں گے اگر کسی شعبے میں بد انتظامی پائی گئی تو متعلقہ ڈی ایم ایس کو جوابدہ ہونا ہوگا۔