اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن) جسٹس قاضی فائز عیسی نے ازخود نوٹس کے دائرہ اختیار کیلئے قائم بنچ پر اعتراض کر دیا۔ جسٹس قاضی فائز عیسی نے چیف جسٹس آف پاکستان کو خط لکھ دیا۔
جسٹس قاضی فائز عیسی کی جانب سے چیف جسٹس آف پاکستان کو لکھے گئے خط میں کہا گیا کہ سپریم کورٹ کو اختیار نہیں وہ اپنے ہی بنچ کی مانیٹرنگ کرے، 5 رکنی معزز بنچ کو یہ مقدمہ سننے کا اختیار ہی نہیں، اگر ایک بنچ دوسرے کی مانیٹرنگ کرے گا تو نظام عدل زمین بوس ہو جائے گا۔
خط کے متن میں کہا گیا کہ سرکاری ملازم کو رجسٹرار سپریم کورٹ لگانا آئین کی خلاف ورزی ہے، رجسٹرار سپریم کورٹ اس سے قبل وزیراعظم آفس میں کام کرتے رہے، رجسٹرار سپریم کورٹ کو حکومت سے ادھار کے طور پر لیا گیا۔