اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن) سپریم کورٹ آف پاکستان میں ججز سنیارٹی کیس میں عدالتی فیصلے کیخلاف مزید 2 انٹرا کورٹ اپیلیں دائر کردی گئیں۔
رپورٹ کے مطابق اپیلیں کراچی بار اور شعیب شاہین کی جانب سے دائر کی گئی ہیں، انٹرا کورٹ اپیلوں میں ججز سنیارٹی کیس کا 19 جون کا فیصلہ کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی ہے۔
اپیلوں میں موقف اپنایا گیا ہے کہ سپریم کورٹ نے آئین کی درست تشریح نہیں کی، سپریم کورٹ نے آرٹیکل 200 میں لفظ مستقل تبادلے کو ازخود اخذ کیا۔
درخواست گزاروں نے اپیلوں میں مزید کہا ہے کہ آئین میں ججز کے مستقل تبادلے کا کوئی تصور نہیں، ججز کی آسامیوں پر تعیناتی جوڈیشل کمشین کے ذریعے ہی ممکن ہے، عدالت کا یہ قرار دینا کہ تبادلے سے بھی آسامی پر تعیناتی ہو سکتی خلاف آئین ہے، ججز سنیارٹی طے کرنا صدر مملکت کا اختیار نہیں۔