جامعہ کراچی

جامعہ کراچی ،مارکس شیٹ اور تعلیمی اسناد کی تصدیق وائری فکیشن کاؤنٹر کھول دیا گیا

کراچی(رپورٹنگ آن لائن)ناظم امتحانات جامعہ کراچی ڈاکٹر سید ظفر حسین کے مطابق موجودہ صورتحال میں طلباوطالبات کی سہولت کے لئے مارکس شیٹ اور سرٹیفیکٹ(تعلیمی اسناد) کی تصدیق (Verification ) کے لئے شعبہ امتحانات میں ایک کاؤنٹر کھول دیا گیا ہے۔

خواہشمند طلبہ اپنے فارم ہمراہ متعلقہ دستاویزات اور بینک میں جمع ہونے والی فیس کی رسید بذریعہ ٹی سی ایس یا کسی بھی کورئیر کمپنی کے ذریعے بنام ناظم امتحانات جامعہ کراچی بھجواسکتے ہیں۔اسناد کی تصدیق کی فیس کے لئے جامعہ کراچی کی ویب سائٹ www.uok.edu.pk سے رجوع کیا جاسکتا ہے۔طلبہ اپنی فیس ایچ بی ایل،یوبی ایل،نیشنل بینک آف پاکستان اور سندھ بینک کی کسی بھی برانچ میں جمع کراسکتے ہیں۔

فارم اور بینک واؤچر جامعہ کراچی کی ویب سائٹ سے حاصل کئے جاسکتے ہیں۔آرڈنری فیس جمع کرانے والے طلباوطالبات تصدیق کے لئے جمع کرائی جانے والی اسناد30 یوم جبکہ ارجنٹ کی فیس جمع کرانے والے طلبہ15 یوم اور موسٹ ارجنٹ کی فیس جمع کرانے والے طلبہ اپنی اسنادسات یوم (ایک ہفتہ )کے بعد شعبہ امتحانات کے گراؤنڈ فلو ر پر واقع کاؤنٹر سے صبح 11:00 تا دوپہر2:00 بجے تک حاصل کرسکتے ہیں۔

طلباوطالبات کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ فارم پر اپنے گھر کا مکمل پتہ بمعہ فون نمبر لازمی درج کریں ۔جامعہ کراچی کے شعبہ امتحانات سے تصدیق شدہ اسناد کے حصول کے لئے ضروری ہے کہ طلباوطالبات حکومت کی جانب سے جاری کردہ ایس اوپیزپر عملدرآمد کو یقینی بناتے ہوئے ماسک کے استعمال اور سماجی فاصلے کا خاص خیال رکھیں۔