ثاقب نثار

ثاقب نثار نے نواز شریف کو ضمانت نہ دینے کے حکم سے متعلق خبر کی تردید کردی

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن) سابق چیف جسٹس ثاقب نثار نے کہا ہے کہ میرے متعلق رپورٹ ہونے والی خبر حقائق کے منافی ہے،سابق چیف جسٹس گلگت بلتستان رانا شمیم کے سفید جھوٹ پر کیا جواب دوں۔

پیر کو نواز شریف کی ضمانت سے متعلق فیصلے پر اثرانداز ہونے کے حوالے سے ردعمل میں سابق چیف جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ میرے متعلق رپورٹ ہونے والی خبر حقائق کے منافی ہے۔ سابق چیف جسٹس گلگت بلتستان رانا شمیم کے سفید جھوٹ پر کیا جواب دوں۔ ثاقب نثار نے کہا کہ رانا شمیم بطور چیف جسٹس گلگت بلتستان عہدے کی توسیع مانگ رہے تھے جو میں نے منظور نہیں کی۔

ایک مرتبہ رانا شمیم نے مجھ سے ایکسٹینشن نہ دینے کا شکوہ بھی کیا تھا۔ واضح رہے کہ ایک معروف صحافی نے خبر دی ہے کہ گلگت بلتستان کے سابق چیف جسٹس رانا ایم شمیم نے کہا ہے کہ چیف جسٹس پاکستان ثاقب نثار نے ہائی کورٹ کے ایک جج کو حکم دیا تھا کہ 2018 کے عام انتخابات سے قبل نواز شریف اور مریم نواز کو ضمانت پر رہا نہ کیا جائے۔