اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)اسلام آباد ہائی کورٹ نے توشہ خانہ کیس قابلِ سماعت قرار دینے کے عدالتی فیصلے کے خلاف چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست پر نوٹس جاری کر دیا۔
چیف جسٹس اسلام آباد عامر فاروق نے حکمِ امتناع کی درخواست پر بھی نوٹس جاری کیا ۔اس سے قبل اسلام آباد ہائی کورٹ نے توشہ خانہ کیس قابلِ سماعت قرار دینے کے عدالتی فیصلے کے خلاف درخواست پر ابتدائی سماعت مکمل کرتے ہوئے فیصلہ محفوظ کیا تھا۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے درخواست کے قابلِ سماعت ہونے پر فیصلہ محفوظ کیا۔دورانِ سماعت چیف جسٹس عامر فاروق نے سوال کیا کہ ٹرائل کورٹ میں آئندہ سماعت کب ہوگی؟وکیل خواجہ حارث نے جواب دیا کہ ٹرائل کورٹ میں کیس کل سماعت کیلئے مقرر ہے۔انہوں نے عدالت کو بتایا کہ ہائی کورٹ کیس دوبارہ ٹرائل کورٹ بھیجے تو دوسری عدالت کو بھیجتی ہے۔
خواجہ حارث نے بتایا کہ ایک جج جو اپنا مائنڈ واضح کر چکا ہو اسے دوبارہ کیس نہیں بھیجا جاتا۔خواجہ حارث نے ٹرائل پروسیڈنگ پر اسٹے آرڈر جاری کرنے کی استدعا کی تھی۔واضح رہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے ٹرائل کورٹ کے 8 جولائی کے فیصلے کو چیلنج کیا تھا۔ٹرائل کورٹ نے 8 جولائی کو توشہ خانہ کیس قابلِ سماعت قرار دیا تھا۔