لاہور(زاھد انجم سے) پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ پروفیسر ڈاکٹر محمد الفرید ظفر نے کہا ہے کہ امیر الدین میڈیکل کالج سے تعلیم یافتہ ڈاکٹر ز بیرون ملک دکھی انسانیت کی خدمات کا فریضہ سر انجام دینے والے اپنی مادر علمی اور پاکستان کا فخر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں مصروف عمل پاکستانی ڈاکٹرزہمارا قیمتی سرمایہ ہیں جو اپنی پیشہ وارانہ صلاحیت اور مہارت سے ملک اور ادارے کا نام روشن کر رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار پروفیسر الفرید ظفر نے رواں سال 2025 میچ میں امریکہ میں ریزیڈنسی پروگرامز میں کامیابی حاصل کرنے والے اے ایم سی سے فارغ التحصیل ڈاکٹرزجو اس وقت نیشنل ہیلتھ سروس (NHS) برطانیہ و آئرلینڈ میں خدمات انجام دے رہے ہیں کے اعزاز میں پرُتکلف ظہرانے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر ڈاکٹر محمد احمد فراز پیتھالوجی، یونیورسٹی آف کینٹکی، امریکہ، ڈاکٹر محمد ابوبکر انٹرنل میڈیسن، مرسی ہیلتھ، سینٹ ونسنٹ میڈیکل سینٹر، اوہائیو،ڈاکٹرفائق مسعود انٹرنل میڈیسن، کرسٹ ووڈ میڈیکل سینٹر، ہنٹسویل، الاباماموجود تھے جبکہ ڈاکٹراحمد فاروق انٹرنل میڈیسن، ساؤتھ ایسٹ جارجیا ہیلتھ کیئر سسٹم،ڈاکٹرزینب عزیز چوہدری انٹرنل میڈیسن، ویسٹ چیسٹر میڈیکل سینٹر، نیویارک،ڈاکٹرعمر عارف کلینیکل فیلو، ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ، پورٹس ماؤتھ یونیورسٹی ہسپتال، برطانیہ، ڈاکٹر حسن عباس رجسٹرار، لیٹرکینی یونیورسٹی ہسپتال آئرلینڈ،ایم ایس جنرل ہسپتال ڈاکٹر فریاد حسین اور ڈاکٹر عبدالعزیز نے بھی شرکت کی۔
پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر الفرید ظفر نے تمام شرکاء کو ان کی شاندار کامیابیوں پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اس ادارے کا نام روشن کیا ہے جسے تادیر یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے طلباء کے لیے کیریئر کونسلنگ اور رہنمائی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے بتایا کہ کیریئر کاؤنسلنگ کسی بھی طالب علم کے لیے مشعلِ راہ کی حیثیت رکھتی ہے جوخود کو سمجھنے، بہتر فیصلے کرنے، اور زندگی میں کامیابی حاصل کرنے کا موقع فراہم کرتی ہے۔
اس ضمن میں فیصلہ کیا گیا کہ امیراُلدین میڈیکل کالج کے سابق طلباء جلد“USMLE میچ 2026 اور عالمی کیریئر رہنمائی سیمینار”کا انعقاد کریں گے تاکہ وہ امریکہ، برطانیہ، آئرلینڈ، آسٹریلیا، مالدیپ اور خلیجی ممالک میں میڈیکل کیریئر کے راستوں کے بارے میں مفید معلومات حاصل کر سکیں۔شرکاء نے پرنسپل پروفیسر الفرید ظفر کی جانب سے ظہرانے پر اُن کا شکریہ ادا کیا۔