بنگلہ دیش میں چینی کمپنی کے زیرِ آب منصوبے "باٹم ٹنل پراجیکٹ" کی جنوبی سرنگ مکمل

بنگلہ دیش میں چینی کمپنی کے زیرِ آب منصوبے “باٹم ٹنل پراجیکٹ” کی جنوبی سرنگ مکمل

ڈ ھا کہ (رپورٹنگ آن لائن)چائنا کمیونیکیشن کنسٹرکشن کمپنی اور چائنا روڈ اینڈ برج انجینئرنگ کمپنی کے بنگلہ دیش میں دریائے کاناپوری میں جاری زیرِ آب منصوبے “باٹم ٹنل پراجیکٹ” کی جنوبی سرنگ کی تکمیل کے موقع پر تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بنگلہ دیش کی وزیر اعظم حسینہ واجد نے چین کی جانب سے اس منصوبے کے حوالے سے دی جانے والی مدد کا ذکر کرتے ہوئے اس کی تعمیر میں شامل تمام معماروں کا شکریہ ادا کیا۔
یہ سرنگ بنگلہ دیش کے شہر چٹاگانگ میں دریائے کاناپوری کے دہانے پر واقع ہے اورمشرقی اور مغربی کناروں کو ملاتی ہے،اس کی کل لمبائی 9.3 کلومیٹر ہے۔

یہ جنوبی ایشیا کی پہلی زیرِ آب سرنگ ہونے کے ساتھ ساتھ چینی کمپنی کی طرف سے ملک سے باہر شروع کی گئی بڑے قطر کی پہلی زیر آب سرنگ ہے۔ تکمیل کے بعد، یہ نہ صرف چٹاگانگ بندرگاہ کی ٹریفک کی صورتحال کو بہت بہتر بنائے گی ، بنگلہ دیش کی اقتصادی ترقی کو فروغ دے گی ، بلکہ ایشین ہائی وے نیٹ ورک کی بہتری ، بنگلہ دیش اور پڑوسی ممالک کے درمیان باہمی روابط کو فروغ دینے، بیلٹ اینڈ روڈ پر عمل درآمد کرنے اور بنگلہ دیش-چین-بھارت-میانمار اقتصادی راہداری کی تعمیر میں بھی بہت اہم کردار ادا کرے گی ۔