لاہور ہائی کورٹ

بلدیاتی انتخابات نہ کرانے کے خلاف درخواست 14اکتوبر کو سماعت کیلئے مقرر

لاہور(رپورٹنگ آن لائن ) لاہور ہائیکورٹ نے بلدیاتی انتخابات نہ کروانے کے خلاف دائر درخواست 14اکتوبر کو سماعت کیلئے مقرر کردی ۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس فاروق حیدر جماعت اسلامی لاہور کے امیر ضیا ء الدین انصاری کی درخواست پر سماعت کریں گے ۔

عدالت نے پنجاب حکومت سمیت دیگر متعلقہ فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر رکھا ہے۔، عدالت نے ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کو بھی معاونت کیلئے طلب کررکھا ہے۔وفاقی حکومت کی جانب سے اسسٹنٹ اٹارنی جنرل سردار امیر حمزہ ڈوگر پیش ہوں گے۔

درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ آئین کے آرٹیکل 140اے کے تحت صوبائی حکومت پر لازم ہے کہ وہ بلدیاتی حکومت کے نظام کو فعال بنائے تاکہ عوام کو مقامی سطح پر نمائندگی اور سہولیات میسر آ سکیں۔ لیکن طویل عرصہ گزرنے کے باوجود بلدیاتی انتخابات نہیں کروائے جا رہے جس کے نتیجے میں عوامی مسائل بڑھ رہے ہیں اور آئینی تقاضے پورے نہیں ہو رہے۔