سرگودھا(رپورٹنگ آن لائن)موجودہ موسم میں برف کے گولے‘ غیر معیاری قلفیاں‘ گلے سڑے پھل مختلف بیماریوں کو جنم دے سکتے ہیں ۔اس موسم میں بچوں میں گیسٹرواور معدے سے متعلقہ امراض میں اضافہ ہوجاتا ہے ۔
اس ضمن میں والدین کی لاپرواہی بچوں کو مختلف بیماریوں کا شکار کرسکتی ہے اس میں احتیاط ہی واحد ذریعہ ہے جس سے بیماریوں سے بچہ جاسکتا ہے ۔ان خیالات کا اظہار ماہر امراض ِناک، کان، گلہ ڈاکٹر محمد خلیل رانا نے اپنے ایک بیان میں کیا۔
انہوں نے کہا کہ اکثر بچے بارش کے دنوں میں نہ صرف نہاتے ہیں بلکہ گلیوں اور محلوں میں کھڑا ہونیوالا سیوریج کا پانی بچوں کے کھیل کود کی دلچسپ جگہ ہوتی ہے جس سے مختلف بیماریاں جنم لے سکتی ہیں۔
ڈاکٹر محمد خلیل رانا نے کہا کہ اس موسم میں غیر معیاری اشیاء گلے کی خرابی، نزلہ اور زکام کا موجب بنتی ہیں ۔ ڈاکٹر محمد خلیل رانا نے کہا کہ والدین کو چاہیئے کہ وہ بچوں کو زیادہ ٹھنڈی اور کھٹی اشیاء کھلانے سے اجتناب کریں تاکہ ان بیماریوں سے محفوظ رہا جاسکے۔